عالمی بینک کے وفد کا نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونیوالے بھٹوں کا دورہ

عالمی بینک کے وفد کا نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونیوالے بھٹوں کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) عالمی بنک کے وفد نے محکمہ ماحولیات کے ہمراہ رائیونڈ میں ماڈل زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے والے اینٹوں کے بھٹوں کا دورہ کیا، عالمی بنک کے نمائندہ نے جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لیے بھٹہ مالکان کی مالی امداد کرنے کا بھی اعلان کیا، اس موقع پر بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن کے صدرشعیب خان نیازی اور محکمہ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مصباح الحق بھی موجود تھے، بھٹہ مالکان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی سے انکو نہ صرف ریونیو میں فائدہ ہے بلکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے فیول کی بچت اور اینٹیوں کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے، محکمہ ماحولیات نے پرانی ٹیکنالوجی والے بھٹوں پر دسمبر 31 تک پابندی عائد کی ہوئی ہے۔بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن کے صدر شعیب خان نیازی کا کہنا تھا کہ محکمہ ماحولیات کی رہنمائی میں تمام بھٹہ مالکان اپنے بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے پر عزم ہیں، اور عالمی بنک کی مالی امداد سے یہ عمل اور بھی تیز ہو جائے گا، انکا کہنا تھا کہ ماحول کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے اور اس کے لیے تمام بھٹہ مالکان ایک پیج پر ہیں۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مصباح الحق لودھی کا کہنا تھا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ صرف مقامی سطح پر دستیاب ہے بلکہ اسکو سمجھنے میں بھی بھٹہ مالکان اور مزدوروں کو کوئی دقت نہیں ہوتی۔

انکا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے بھٹہ سے پیدا ہونے والی آلودگی میں 70 فیصد کمی واقع ہو جاتی ہے اور دوسری طرف مالکان کو ریونیو میں بھی بہت فائدہ ہوتا ہے۔

مزید :

کامرس -