تفتیش تبدیلی کیلئے سعدرفیق کی درخواست پر نیب سے جواب طلب

تفتیش تبدیلی کیلئے سعدرفیق کی درخواست پر نیب سے جواب طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس مرزاوقاص رؤف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیب کی تفتیش کی تبدیلی کے لئے دائر خواجہ سعدرفیق کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیاہے۔فاضل بنچ نے مسلم لیگ (ن) کے راہنما سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک توسیع بھی کر دی ہے۔فاضل بنچ نے یہ کارروائی خواجہ سعد رفیق کی طرف سے دائر دو الگ الگ درخواستوں پر کی ہے۔ان کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ڈی جی نیب لاہورسلیم شہزاد ان کے خلاف پارٹی بن چکے ہیں، وہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، موجودہ ڈی جی نیب کی موجودگی میں شفاف تحقیقات ممکن نہیں ،اس لئے تفتیش تبدیل کی جائے،جس پر عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ چیئرمین نیب کوبھجوادیتے ہیں، اگرکوئی کاروائی بنتی ہے تو چیئرمین نیب خود کریں۔ خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے کہا کہ چیئر مین نیب کو درخواست دی گئی تھی جس پر تاحال کارروائی نہیں ہوئی ،انہوں نے استدعا کی کہ درخواست چیئرمین نیب کوبھجوانے کی بجائے نیب سے جواب طلب کیاجائے، عدالتی استفسارپر نیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر عدالت نوٹس جاری کرے گی تو نیب اپنا موقف پیش کردے گا ، عدالت نے قرار دیا کہ بتایا جائے کون سی شق کے تحت عدالت نیب کی تفتیش تبدیل کر سکتی ہے ،مناسب ہوگا کہ یہ معاملہ چیئرمین نیب کو بھجوا دیاجائے تاکہ وہ اس پر فیصلہ کریں تاہم خواجہ سعد رفیق کے وکیل کی استدعا پر عدالت نے نیب اور پیمراسے جواب طلب کر لیاہے،فاضل بنچ نے خواجہ سعد رفیق کی ضمانت کی سماعت 26نومبر پر ملتوی کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی ہے۔

مزید :

علاقائی -