ملکی تاریخ میں پہلی بار زچہ بچہ ہسپتال بنائے جارہے ہیں،یاسمین راشد

ملکی تاریخ میں پہلی بار زچہ بچہ ہسپتال بنائے جارہے ہیں،یاسمین راشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر )وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں پنجاب کے 5 اضلاع میں’ ماں بچہ‘ ہسپتالوں کی تعمیرکے ابتدائی خدوخال طے کر لئے گئے ہیں۔ اجلاس میں پانچوں ہسپتالوں پر کام بیک وقت شروع کرنے کی تجویز دی گئی۔ وزیر صحت نے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بہاولنگر، اٹک، راجن پور، لیہ اور میانوالی میں تعمیر کئے جائیں گے ۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار الگ زچہ بچہ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں زچگی کے دوران اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ماں اور بچے کی صحت وزیراعظم عمران خان کے پلان میں سر فہرست ہے۔ ایسے اضلاع میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنا رہے ہیں جہاں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہر’ ماں بچہ‘ ہسپتال میں سنیئر گائناکالوجسٹس تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبے کا پی سی ون جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے منصوبے کی منظوری لی جاسکے۔قبل ازیں پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وز یر صحت پنجاب نے کہا کہ 18نومبر کو ایک ’روڈ شو‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔ جس میں غیرسرکاری داکٹروں، ہومیو پیتھس اور حکام کے لئے قرضہ سکیم کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔ انہوں نے ڈی جی ہیلتھ فاؤندیشن اجمل بھٹی کو ہدایت کی کہ روڈ شو میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صرف سرکاری ملازمتوں کی فراہمی پر ہی نہیں کام کررہی بلکہ میڈیکل سمیت دیگر شعبوں میں روزگار کے نجی مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -