خاتون نے اپنی موت کے بعد بچے کو جنم دے دیا

Nov 15, 2018


لندن(نیوز ڈیسک)موت اور زندگی دو ایسی متضاد حقیقتوں کا نام ہے کہ ان سے بڑھ کر تضاد اس دنیا میں کوئی اور نہیں، لیکن قدرت کے کام بھی عجب حیرتناک ہیں، جب چاہے موت کی کوکھ سے زندگی پیدا کر دیتی ہے۔ ایک ایسا ہی واقعہ برطانوی شہر لندن میں پیش آیا، جو بیک وقت بہت حیرتناک بھی ہے اور بہت المناک بھی۔ میل آن لائن کے مطابق مشرقی لندن کے علاقے میں ایک سفاک شخص نے اپنی سابقہ بیوی کو اُس کے گھر میں گھس کر قتل کر ڈالا۔ یہ خاتون آٹھ ماہ کی حاملہ تھی اور اپنے گھر کے باورچی خانے میں کام میں مصروف تھی جب اُس پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ بدقسمت خاتون کو موت و حیات کی کشمکش کے دوران ہسپتال لیجایا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ہسپتال میں اُس کا آپریشن کیا گیا اور اس کے جسم سے بچے کو زندہ سلامت حالت میں نکال لیا گیا۔ مقتولہ کا نام ثناء محمد بتایا گیا ہے۔ اس کا خاوند امتیاز محمد گھر سے باہر تھا جس وقت اس کی اہلیہ کو قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق قاتل اس کا سابقہ خاوند ہے جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ثناء محمد کی پیدائش موریشیس میں ہوئی تھی ۔ ابتدائی طور پر ان کا تعلق ہندو مذہب سے تھا لیکن بعد ازاں وہ مسلمان ہوگئیں اور پاکستانی نژاد شہری امیتاز محمد سے شادی کرلی۔ ان کے سابقہ خاوند اور قاتل انمتال گیدو کا تعلق بھی موریشیس سے ہے۔

مزیدخبریں