سرکاری املاک کا مناسب استعمال کرنے کی ضرورت ہے ،پرویز خٹک
اسلام آباد (این این آئی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سرکاری املاک کا زیادہ سے زیادہ مناسب استعمال کرنے کی ضرورت ہے ،ملک میں موجود تمام ریسٹ ہاؤسز کے مفت استعمال کو ختم کر دیا جائے گا اور ان کو مناسب کمرشل بنیادوں پر استعمال کیلئے زیر غور لایا جائے گا،غیر استعمال شدہ زمین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت استعمال کی جائے گی۔ وزیر دفاع نے یہ بات بدھ کو سرکاری املاک کے متبادل استعمال پر ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ورکنگ گروپ نے بڑے شہروں میں مختلف سرکاری املاک کی نشاندہی کی اور وفاقی وزیر کو مختلف املاک اور ان کے متبادل استعمال اور حیثیت پر آگاہ کیا ، وفاقی وزیر کو سرکاری املاک کے سروے اور مختلف پائلٹ منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔پرویز خٹک نے کہا کہ سرکاری املاک کے زیادہ سے زیادہ مناسب استعمال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر استعمال شدہ زمین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت استعمال کی جائے اور صوبوں کو غیر آباد شدہ سرکاری زمینوں کی موجودہ اور مستقبل کیلئے استعمال کا پلان دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود تمام ریسٹ ہاؤسز کے مفت استعمال کو ختم کر دیا جائے گا اور ان کو مناسب کمرشل بنیادوں پر استعمال کیلئے زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن عام آدمی کو سستی رہائش گاہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری زمینوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر طریقہ سے استعمال کیا جائے تو ملک میں رہائش کے مسائل حل ہوں گے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔
پرویز خٹک