نیب سیاست زدہ ہوچکا ، لیکن جمہوریت کی گاڑی کورواں دواں رہنا چاہیے، حمزہ شہباز
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نیب سیاست زدہ ہوچکا ہے لیکن جمہوریت کی گاڑی کورواں دواں رہنا چاہیے۔،شہبازشریف نے دیانتداری اورایمانداری سے اس صوبے کی خدمت کی ہے اس لیے خدمت کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ مشرف دور میں بھی ہمارا دس سال احتساب ہوتارہا ہے۔شہبازشریف نے دس سال پنجاب کی خدمت کی ہے جبکہ آشیانہ میں نہ ایک انچ زمین گئی ہے نہ قومی خزانے سے ایک روپیہ گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ نیب عمران خان کا بغل بچہ ہے، ہم جیلوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں،اللہ سے ڈرنے والوں کو دھمکیوں سے ڈرنہیں لگتا۔یہ دھاندلی کی پیداوار ہیں ایوانوں میں اپنے وزرا سے گالیاں دلواتے رہے ہیں،نیازی صاحب اپنے کام پر توجہ دیں آج معاشی صورتحال دگرگوں ہے۔حمزہ شہباز نے سوال کیا کہ کیا یہ دھونس اور الزامات سے اپنی نااہلی چھپا سکیں گے؟ یہ لوگ بار بار 50چوروں کو جیل میں ڈالنے کا ذکر کرتے ہیںکبھی سینیٹ میں ہنگامہ ہوتاہے کبھی قومی اسمبلی میں غلیظ زبان استعمال کی جاتی ہے۔عمران خان صرف کنٹینر والے نعرے لگاتے ہیں۔