’’ گینی اور میں نے عام جوڑوں کی طرح باہر ملاقاتیں نہیں کیں لیکن گزشتہ برس جب ۔ ۔ ۔‘‘ کپل شرما نے بھی خاموشی توڑ دی، ہونیوالی دلہنیا کے بارے میں سب کچھ بتادیا
ممبئی(ویب ڈیسک)بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اور مقبول ترین اداکار کپل شرما کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی شادی روکنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہے۔
بالی ووڈ میں ان دنوں شادیوں کا سیزن چل رہا ہے، دپیکا پڈوکون اورپریانکا چوپڑا کے بعد کامیڈین کپل شرما آئندہ ماہ اپنی قریبی دوست گینی چھاترات کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ شادی کے حوالے سے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں کپل نے عادت کے مطابق مذاق کرتے ہوئے کہا میں نے شادی روکنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہا اورکچھ نہیں ہوا۔
اپنی ہونے والی دلہن گینی کے بارے میں کپل نے کہا میں گینی کے ساتھ بہت خوش ہوں اور جانتا ہوں شادی کے بعد میری زندگی میں بہت زیادہ تبدیلی اور نظم و ضبط آئے گا، گینی میرا بہت خیال رکھتی ہےاس نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیاہے۔
کپل نے کہا ہم دونوں کے گھر والے پرانے زمانے کے خیالات کے لوگ ہیں لہٰذا گینی اور میں نے عام جوڑوں کی طرح باہر ملاقاتیں نہیں کیں لیکن گزشتہ برس جب میں اپنی زندگی کے برے دور سے گزررہا تھا گینی نے میرا بہت ساتھ دیا اور اس وقت مجھے احساس ہوا کہ اس لڑکی نے برے وقت میں میرا ساتھ دیا لہٰذا میں اس پر بھروسہ کرسکتاہوں۔
واضح رہے کہ کپل اور گینی اگلے سال مارچ میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے تھےلیکن گینی کے والد کی بیماری کی وجہ سے انہیں فیصلہ بدلنا پڑا، کپل 12 دسمبر کو گینی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں گے اور 14 دسمبر کو ممبئی میں دونوں کے استقبالیے کی تقریب ہوگی۔