کیا واقعی چوہدری نثار علی خان اور نوازشریف کے درمیان بیک ڈور رابطے شروع ہوگئے؟ سابق وزیرداخلہ نے اصل کہانی بے نقاب کردی
اسلام آباد (آئی این پی ) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ساتھ برف پگھلنے کی باتوں پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کون سی برف؟ میرا نواز شریف سے کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہی معاملات پر کوئی پیش رفت ہوئی ہے ، میرا ان سے کوئی لین دین نہیں، میں نے ان سے کہا تھا کہ جی ٹی روڈ والاراستہ اختیار نہ کریں لیکن انہوں نے میری نہ مانی ، اگر نواز شریف اس وقت میری بات مان لیتے تو آج بھی انہی کی حکومت ہوتی۔
یہ باتیں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے سینئر صحافی عارف نظامی کے ساتھ ایک ملاقات میں کیں جو آرمی ہاؤس راولپنڈی میں آرمی چیف کے صاحبزادی کی شادی کے موقع پر ہوئی۔ عارف نظامی نے ملاقات میں ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا کہ تقریب میں سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ چوہدری نثار اور اعتزاز احسن بڑی دیر تک اکٹھے بیٹھ کر باتیں کرتے رہے۔ وہاں جہانگیر ترین اور شیخ رشید بھی تھے اور میں بھی اسی صوفے پر موجود تھا تو ہمارے بہت اچھی گپ شپ ہوئی۔ میں نے چوہدری نثار سے پوچھا کہ آپ کے اور نواز شریف کے درمیان کچھ برف پگھلی تو انہوں نے حیرانی سے جواب دیا کہ کون سی برف؟ میرا نواز شریف سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی اس معاملے میں کوئی پیش رفت ہوئی ہے، میرا ان سے کوئی لین دین نہیں ہے۔
چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ میں نے نواز شریف کا کہا تھا کہ آپ جی ٹی روڈ والا راستہ اختیار نہ کریں۔ یہ آپ کے لیے گھاٹے کا سودا ہے لیکن نواز شریف نے میری ایک نہ مانی بلکہ مجھ پر شبہ کیا۔ اور یہ سوچا گیا کہ شاید میں یہ بات کسی کی ایما پر کر رہا ہوں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ اس کانتیجہ سب کے سامنے ہے۔ اگر نواز شریف اس وقت میری بات مان لیتے تو آج بھی نواز شریف کی حکومت ہوتی۔