زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج

زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج
زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مبارک پتھر
انعم، ساہیوال
سوال: میرا مبارک پتھر کون سا ہے، اس کو پہننے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب: زائچے کے مطابق آپ کا مبارک پتھر یاقوت ہے یہ گہرے سرخ رنگ کا پتھر ہوتا ہے جس کا رنگ کبوتر کے خون سے ملتا ہے۔ اسے دائیں ہاتھ کی تیسری انگلی میں اتوار کے کے روز پہننا مبارک ہے، پہننے سے پہلے گندم باجرہ ملا کر چرند پرند کو ڈالیں۔ یاقوت شمس کا پتھر ہے جو نظام شمسی کا مرکز ہے۔ اسے پہننے سے آپ اپنے حاکم سیارے کی توانائی کو جذب کر سکیں گی۔ شخصیت میں مثبت تبدیلی آئے گی، طاقت و توانائی اور نظامِ خون کے معاملات میں بہتری آئے گی۔ سحری لحاظ سے دشمنوں اور حاسدین پر فوقیت دیتا ہے۔
پسند کی شادی
افضال، بہاولپور
سوال: کیا میری شادی میری پسند کی ہو گی یا گھر والوں کی پسند سے ہو گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کے زائچے میں منگلیشی اثرات نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے شادی اور ازدواجی زندگی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ شادی اور ازدواجی زندگی میں بے یقینی اور ازدواجی تعلقات میں مطمئن نہ ہونا جیسے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں آپ مختلف جذباتی تجربات کر سکتے ہیں اور ان معاملات کی وجہ سے ازدواجی زندگی میں لڑائی جھگڑے زیادہ ہو سکتے ہیں۔ شادی سے پہلے اپنا اور اپنے ہونے والے شریکِ حیات کا موازنی زائچہ بنوائیں تاکہ مستقبل کی پریشانیوں سے بچ سکیں۔
والدہ کی بیماری
ثانیہ، کشمیر
سوال: میری والدہ گزشتہ چار سال سے بستر پر پڑی ہیں، ان کی ایک بیماری جاتی رہے تو دوسری آجاتی ہے، بہت علاج کرایا ہے مگر افاقہ نہیں ہوا۔ بستر پر لیٹ لیٹ کر بیڈ سورز ہو چکے ہیں، میری والدہ کا زائچہ بنا کر بتائیں کہ انہیں کب شفا ملے گی؟
جواب: آپ کی والدہ پر سفلی عملیات کے اثرات نظر آرہے ہیں۔ آپ ان کی رہائش یا طرزِ رہائش تبدیل کر دیں۔ حرز اعظم کا حصار کریں۔ روحانی علاج کروائیں، بہتری ہو گی۔
شادی کب ہوگی ؟
پروین، کینٹ لاہور
سوال: میری لو میرج ہو گی یا ارینج، ازدواجی زندگی کیسی گزرے گی، کیا میرا شوہر خوبصورت ہو گا؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق پسند کی شادی کے امکانات ہیں لیکن اس میں مشکلات آسکتی ہیں۔ نام کا پہلا حرف: ف، ق، ش ہو سکتا ہے۔ شریکِ حیات پڑھا لکھا ہو گا، درس و تدریس، پبلک ڈیلنگ، قانون، طب کے شعبہ جات سے متعلقہ معاملات سے تعلق رکھتا ہو گا۔ ازدواجی زندگی میں مشکلات آسکتی ہیں۔ لہٰذا معاملات زندگی کو بہت محتاط ہو کر طے کریں اور صرف جذبات کو ہی مدنظر نہ رکھئے گا بلکہ عقل و فہم کو بھی حاضر رکھئے گا۔ تب آپ کا مستقبل روشن ہو گا۔

بیٹی پیدا ہوئی تو طلاق دے دوں گا
عمارہ، جھنگ
سوال: میری شادی کو ڈیڑھ سال ہو گیا ہے، میرے شوہر اور سسرال والوں کا رویہ میرے ساتھ بہت نامناسب ہے، اوپر سے میرے ہاں بیٹی پیدا ہو گئی۔ مجھے ہر وقت لڑکی کی پیدائش کا طعنہ ملتا ہے۔ حالانکہ اس میں میرا کوئی قصور نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب لڑکی کی پیدائش ہوئی تو طلاق دے دوں گا۔ میں پہلے ہی ایک غریب گھر سے ہوں، سمجھ نہیں آتی کیا کروں، مجھے بتائیں کہ میرا نصیب کیسا ہے؟
جواب: آپ کے زائچے میں خانہ ازدواج میں مشکلات نظر آرہی ہیں لیکن پریشانی اور تکلیف انسان کو بیدار کرنے کے لئے آتی ہے۔ حالات کا مقابلہ کریں، اپنے پیروں پر کھڑی ہوں، ہو سکے تو گھر میں بچوں کو ٹیویشن پڑھا لیں آپ کے لئے انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
شوہر نے لا تعلقی اختیار کرلی
صغریٰ، فتح گھڑ
سوال: میرے شوہر شادی کے چھ ماہ بعد امریکہ چلے گئے، گزشتہ 3 سال سے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ کوئی خرچہ بھیجتے ہیں، میرا ایک ہی بیٹا ہے اور میں والدین کے گھر پر رہ رہی ہوں۔ آئندہ زندگی کے بارے میں زائچوں کی روشنی میں بتا دیں۔
جواب: رابطہ کے بارے میں زائچہ میں برجوں کی پوزیشن بہت کمزور ہے، اگر شوہر کی فیملی کی طرف رابطہ ہے تو ان سے حقیقت حال واضح معلوم کر لیں۔ آپ کی دوسری شادی میں بہتر ازدواجی زندگی کی نشاندہی ہے۔
تعلیمی اور شادی معاملات
طارق، قصور
سوال: میں بی ایس سی کر رہا ہوں، کیا میں اس امتحان میں کامیاب ہو جاؤں گا، میری انجینئر بننے کی خواہش ہے۔ یہ خواہش پوری ہو سکے گی یا نہیں؟ میری شادی کب ہو گی؟ اور ازدواجی زندگی کیسی گزرے گی؟
جواب: آپ دونوں کے طالع میں موافقت نہیں ازدواجی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔ شادی سے پہلے جذباتی معاملات کے علاوہ عملی زندگی کے مسائل کو مدنظر رکھیں۔ تعلیمی مقاصد میں کامیابی کے لئے پڑھائی پر توجہ دیں۔ غیر ضروری مصروفیات سے بچیں۔ شادی میں ابھی وقت ہے۔ آئندہ ڈھائی سال تعلیم اور کیرئیر کے لئے بہت اہم ہیں۔
زائچہ بنا دیں
افضال، سکھر
سوال: میں اپنے حالات زندگی جاننے کے لئے زائچہ بنوانا چاہتا ہوں لیکن مجھے اپنی تاریخِ پیدائش معلوم نہیں ہے۔ والد صاحب کہتے ہیں مجھے ٹھیک سے یاد بھی نہیں ہے۔ میرے مسئلے کا حل بتا دیں۔
جواب: جن لوگوں کی تاریخِ پیدائش معلوم نہ ہو وہ اپنے نام کے پہلے حرف سے قسمت معلوم کر سکتے ہیں۔ برج اور آپ کی شخصیت میں مماثلت نہ ہو تو عددی طریقے سے معلوم کر لیں یعنی اپنا مکمل نام اور والدہ کا نام قمری حروف ابجد نکال کر معلوم کیا جا سکتا ہے۔
حالات میں بہتری کیسے آئے گی؟
زاہدہ، حیدر آباد
سوال: میں نے اپنی زندگی میں بہت سی مشکلیں دیکھی ہیں، کبھی شوہر کا دکھ، کبھی اولاد کا دکھ، کوئی ٹینشن کبھی اور کبھی بدنامی، کیا میری ساری زندگی ایسی ہی گزرے گی یا کوئی تبدیلی بھی آئے گی، کیا حج کر سکوں گی؟
جواب: آپ راہو اور کیتو کے نحس اثرات کے زمرے آرہی ہیں۔ آپ کی قسمت کی لکیر سانپ کی طرح بال کھاتی نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے بہت سے اُتار چڑھاؤ نظر آرہے ہیں۔ ہاتھ کی دوسری لکیریں بھی ایسے ہی حالات کی ترجمانی کر رہی ہیں۔ آپ کی زندگی کا انحصار دوسروں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آپ کی زندگی میں اتار چڑھاؤ کا باعث بنے گا۔ 50 سال کی عمر کے بعد حالات زندگی میں مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ حالات میں بہتری کے لئے روحانی تدبیر اختیار کریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
پرائز بانڈ لگ جائے
تنویر، ملتان
سوال: میری زندگی میں مالی خوشحالی کتنی ہے، تعلیم کہاں تک حاصل کر سکوں گا، ایم اے فائنل کر لوں گا کسی نے مجھ پر جادو کر دیا، میرے ہر کام میں رکاوٹ ہے، شادی کب تک ہو سکتی ہے، پرائز بانڈ سے انعام مل سکتا ہے یا نہیں؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کا پیدائشی زائچہ مضبوط ہے۔ معاشی اعتبار سے بھی ترقی اور کامیابی ہے۔ مشتری کی سعد حالت معاملات زندگی میں بہتری، کامیابی اور خوشحالی کو ظاہر کرتی ہے البتہ شادی اور ازدواجی اور شراکتی معاملات میں مسائل آسکتے ہیں۔ ان سے آپ کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ زائچے میں ایک سے زیادہ شادیاں اور تعلقات نظر آرہے ہیں جن کی وجہ سے گھریلو اور ازدواجی معاملات میں کشیدگیاں ہو سکتی ہیں۔ آپ کی دماغی صلاحیتیں اچھی ہیں بشرطیکہ انہیں مثبت استعمال کریں۔ تعلیمی زائچہ آپ کا بہتر ہے۔ وقتی مشکلات آسکتی ہیں۔ جن کو مستقل مزاجی اور مثبت حکمت و تدبیر سے حل کیا جا سکتا ہے۔ انعامی بانڈ نکلنے کے مواقع زائچے سے عیاں ہیں۔ لوح انعامی بانڈ بنوا کر پاس رکھیں اور انعام کا خصوصی عملِ روحانی کرائیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
شادی اور ازدواجی زندگی
فیضان، فاروق آباد
سوال: میرے حالات میں بہتری کب تک آئے گی، شادی کب ہو گی اور ازدواجی زندگی کیسی گزرے گی؟
جواب: لگائے گئے حساب کے مطابق رواں سال میں آپ کو شادی اور ازدواجی زندگی کے مواقع ملیں گے۔ شادی کے مواقع اگرچہ آپ کو پہلے بھی ملے ہوں گے لیکن حالات اور مسائل کی وجہ سے آپ ان سے فائدہ نہ اٹھا پائیں ہوں، یہ الگ معاملہ ہے۔ ازدواجی زائچے میں مشکلات اور پریشانیاں نظر آرہی ہیں۔ شادی سے پہلے لمبی منگنی نہ کیجئے گا۔ ملازمت کے مواقع بھی رواں سال بھی ملیں گے۔ البتہ سماجی معاملات میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ جن کو عقل فہم اور روحانی تدبیر سے حل کیا جا سکتا ہے۔
امتحان میں کامیابی
شاہ زیب، کراچی
سوال: میرے بھائی نے ایم۔ اے اکنامکس کرنے کے بعد پبلک سروس کمیشن کا انٹرویو دیا ہے، اس کی ملازمت اور شادی کا امکان کب تک ہے؟
جواب: رواں سال میں شادی اور ملازمت کے واضح امکانات نظر آرہے ہیں۔ ملازمتی امور اور شادی کے معاملات میں بہتری کے لئے یہ سال بہتر ہے۔ اپنی خوشی کے معاملات کو حاسدین کی بدنظری سے بچائیں۔ حالات میں بہتری اور کامیابی کے لئے روحانی تدبیر اختیار کریں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
۔۔

( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )