ہائیکورٹ کا دھواں اگلنے والی گاڑیاں اور فیکٹریاں بند کرنے کا حکم
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ہائیکورٹ نے پنجاب میں اسموگ پر بر وقت قابونہ پانے کے اقدام کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ پرعمل درآمد کا حکم دیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں حکومت پنجاب کو کمیشن کی تجاویز پر عمل درآمد کرنےکا حکم دیتے ہوئے کمیشن کی تجاویز کو عدالتی فیصلے کا حصہ بنانے کا کہا ہے۔عدالتی فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ حکومت اسموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے گی، دھواں اگلنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کو بند کیا جائے گا، رہائشی علاقوں میں غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کو سردیوں میں بند رکھا جائے گا، چاول کی فصل کو آگ نہیں لگائی جائے گی۔