کوئی موبائل ٹیکسٹ میسج میں آپ سے جھوٹ بولے تو کیسے پکڑ سکتے ہیں؟ طریقہ جانئے
سڈنی(نیوز ڈیسک) جب کوئی آپ سے آمنے سامنے بات کر رہا ہو تو اس کی حرکات و سکنات سے کسی حد تک اندازہ ہو سکتا ہے کہ وہ سچ کہہ رہا ہے یا جھوٹ ، لیکن جب کوئی آپ کے ساتھ ٹیکسٹ میسج کے ذریعے بات کر رہا ہو تو کیسے پتہ چلائیں کہ آپ کے ساتھ سچ بولا جا رہا ہے یا جھوٹ؟ آسٹریلین ایکسپرٹ لویان وارڈ نے اس موضوع پر تحقیق کرنے کے بعد متعدد ایسی باتوں کا پتہ چلایا ہے جنہیں نوٹ کر کے آپ معلوم کر سکتے ہیں کہ کہیں کوئی ٹیکسٹ میسج پر آپ کے ساتھ جھوٹ تو نہیں بول رہا۔
لویان کہتی ہیں کہ جب کوئی آپ کو ٹیکسٹ میسج میں غیر واضح الفاظ میں جواب دے تو اس کا مطلب ہے کہ کچھ گڑ بڑ ہے۔ مثال کے طور پر ’’میں یقین سے نہیں کہہ سکتا ، شاید ایسا ہی ہو ، میرا خیال ہے ایسا ہوا ہوگا ، ہوسکتا ہے۔‘‘ وغیرہ، وغیرہ!
بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آپ نے کوئی سادہ سے بات پوچھی ہوتی ہے لیکن دوسری طرف سے جواب آنے میں بہت تاخیر ہوجاتی ہے۔ کبھی کبھار ایسا ہونا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن اگر مسلسل ایسا ہو رہا ہو تو اس کا بھی مطلب ہے کہ آپ سے کوئی بات چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اگر ٹیکسٹ میسج میں اسم ذات ، مثال کے طور پر ’’میں، میرا ، ہمارا، ہمارے، مجھے ‘‘ وغیرہ جیسے الفاظ استعمال نہیں کیے جا رہے تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ کسی بات کو خفیہ رکھنا مقصود ہے۔ مثال کے طور پر ’’میں دفتر میں ایک دوست کے ساتھ تھا۔ہم کھانا کھانے باہر چلے گئے تھے جس کی وجہ سے مجھے واپس آنے میں دیر ہوگئی۔ ‘‘ یہ لکھنے کی بجائے کچھ اس طرح لکھنا کہ ’’دفتر میں کسی کے ساتھ تھا ، کھانا کھانے چلے گئے ، دیر ہوگئی ۔‘‘
بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ بات چیت نارمل طریقے سے جاری ہوتی ہے لیکن دوسری جانب سے کوئی بہانہ بنا کر فوری طور پر گفتگو کا اختتام کر دیا جاتا ہے۔ اور یہ بھی کوئی مثبت اشارہ نہیں ہے۔
اور اسی طرح بعض اوقات آپ کو کسی بات کا تفصیلی جواب نہیں چاہیے ہوتا ہے لیکن دوسری جانب سے بلاوجہ کی تفصیلات بیان کرنا شروع کردی جاتی ہیں ۔ یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے ساتھ بات کرنے والے کے دل میں کچھ چور ہے اور وہ گھبرا کر بلاوجہ وہ تفصیلات بھی دے رہا ہے جو آپ نے نہیں پوچھیں۔ عام طور پر جب کوئی فرضی کہانی گڑھی جا رہی ہوتی ہے تو اسے حقیقت کا رنگ دینے کیلئے ایسا کیا جاتا ہے۔