’ مجھے تو کھڑکی والی سیٹ ہی چاہیے‘ دورانِ پرواز مسافر مسلسل شور کرنے لگا تو تنگ آکر ایئر ہوسٹس نے ایسا کام کر دیا کہ پورا جہاز ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگیا
ٹوکیو(نیوز ڈیسک) ہوائی جہاز میں اگر کوئی مسافر اس بات پر ضد شروع کر دے کہ اسے کھڑکی والی سیٹ ہی چاہیے تو اس مسئلے کا کوئی حل ہے آپ کے پاس؟ اگر کھڑکی والی کوئی سیٹ خالی نہیں تو ظاہر ہے کہ یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، لیکن ذرا ٹھہرئیے، دیکھئے اس ذہین ائیرہوسٹس نے یہ مسئلہ کیسے ایک منٹ میں حل کر دیا۔
اخبار ’دی مرر‘ کے مطابق جاپان جانے والی ایک پرواز میں سوار مسافر نے اس بات پر ہنگامہ کھڑا کر دیا کہ اسے کھڑکی والی سیٹ کیوں نہیں دی گئی۔ اس شخص کا اصرار تھا کہ اسے فوری طور پر کھڑکی والی سیٹ دی جائے لیکن مسئلہ یہ تھا کہ طیارے میں کوئی ایسی خالی سیٹ دستیاب نہیں تھی جس پر اسے منتقل کیا جا سکتا۔ ایئر ہوسٹس نے وضاحت کی کہ طیارے میں سیٹوں کے الائنمنٹ کچھ ایسے ہوتی ہے کہ بعض سیٹوں کا پوری طرح کھڑکی کے سامنے آنا ممکن نہیں ہوتا لیکن یہ مسافر کسی بات کو تسلیم کرنے پر تیار نہیں تھا ۔
جب ایئر ہوسٹس اس مسافر کو سمجھا سمجھا کر تھک گئی تو خاموشی سے اپنے کیبن میں گئی اور پھر کچھ دیر بعد واپس آئی تو ایک ایسا کام کر ڈالا کہ طیارے کے مسافروں کا ہنس ہنس کر برا حال ہوگیا۔ اُس نے مسافر کی سیٹ کے ساتھ طیارے کی دیوار پر کاغذ کی ایک شیٹ ٹیپ کے ساتھ چسپاں کی جس پر پنسل سے ایک کھڑکی بنائی گئی تھی جس کے باہر بادل اور سمندر دکھائی دے رہا تھا۔
ایئر ہوسٹس کی اس دلچسپ حرکت پر ناراض مسافر بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکا، جبکہ دیگر مسافر تو بہت ہی محظوظ ہوئے اور ہر کوئی اس ’کھڑکی‘ کی تصویر اپنے موبائل فون میں محفوظ کرتا رہا۔ کسی مسافر نے اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کردیا جہاں اسے آٹھ ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے اور پندرہ ہزار سے زائد لوگوں نے اسے لائیک کیا ہے۔