لڑکی کے عشق نے اس کی ماں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا
نئی دلی(نیوز ڈیسک)سوشل میڈیا کا جن بوتل سے باہر آ چکا ہے اور ایسے ایسے گل کھلا رہا ہے کہ جنہیں دیکھ کر حیران سے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت ہے۔ آن لائن دوستیاں جس طرح پلک جھپکتے میں ’محبت‘ کا روپ دھار رہی ہیں، اور پھر اس نام نہاد محبت کے نتیجے میں جو المیے جنم لے رہے ہیں، یہ سب عبرت کا مقام نہیں تو اور کیا ہے؟
ایک ایسا ہی المناک واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ میں پیش آیا ہے، جہاں ایک لڑکی نے سوشل میڈیا پر ایک اجنبی لڑکے سے دوستی کا رشتہ استوار کیا تو وہ رشتہ مانگنے گھر چلا آیا۔ جب لڑکی کی والدہ نے اس بات پر اعتراض کیا تو بدبخت نے چاقو کے وار کر کے بیچاری کی جان ہی لے لی۔
گلف نیوز کے مطابق یہ لرزہ خیز واقعہ ریاست کیرالہ کے کولام ڈسٹرکٹ میں پیش آیا۔ ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے 27سالہ نوجوان ستیش نے کولام ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے سوشل میڈیا پر دوستی کی تھی اور وہ اس سے شادی کے خواہاں تھا۔ لڑکی کی ماں اس طرح کسی اجنبی کے ساتھ بات آگے بڑھانے میں ہچکچاہٹ کی شکار تھی اور ملزم اُسے قائل کرنے کیلئے ان کے گھر آیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق مارکوتی نامی خاتون نے ملزم کے انداز و اطوار پر اعتراض کیا اور خصوصاً جس طرح وہ اس کے گھر چلا آیا تھا اُس پر وہ برہم تھی۔ خاتون کے رویے پر ملزم مشتعل ہوگیا اور وہیں چاکو نکال کر اس پر اندھا دھند وار شروع کردیئے۔ خاتون شدید زخمی حالت میں گھر سے باہر بھاگی لیکن سڑک پر ہی بے ہوش ہو کر گر گئی۔ اگرچہ اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
ملزم ستیش نے یہ بھیانک حرکت کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے اسے پکڑ لیا۔ مقتولہ کا خاوند ایک خلیجی ملک میں کام کرتا ہے اور اس وقت ملک سے باہر ہے۔