اس آدمی نے مسلسل 30 دن تک صرف میکڈونلڈز کھایا ، اس سے وزن میں کیا تبدیلی آئی؟ جان کر یقین نہ آئے
لندن(نیوز ڈیسک)اگر کوئی پورا مہینہ صرف میکڈونلڈز کے کھانے کھاتا رہے تو اُس کا کیا حال ہو گا؟ یقیناً آپ کہیں گے کہ دن رات فاسٹ فوڈ کھانے سے وہ پھول کر کپا ہو جائے گا، مگر ٹھہرئیے، ذرا اِن صاحب کو بھی دیکھ لیجئے۔ یہ پورا مہینہ میکڈونلڈز کھاتے رہے ہیں اور نتیجہ یہ ہے کہ وزن بڑھنے کی بجائے کم ہو گیا ہے۔
یہ برطانوی نوجوان ریان ولیمز ہیں جنہوں نے ”مورگنز سپرلاک سپر سائز می چیلنچ“ قبول کرتے ہوئے ایک ماہ تک میکڈونلڈز کے کھانے کے سوا کوئی چیز نہیں کھائی۔ سپرلاک نے 2004میں ایک ڈاکومینٹری بنائی جس میں بتایا کہ ایک ماہ تک میکڈونلڈز کا کھانا کھانے سے وزن میں جو اضافہ ہوتا ہے اسے ایک سال میں بھی کم نہیں کیا جا سکتا ۔ ریان کا کہنا ہے کہ وہ اس ڈاکومینٹری کو مبنی برحقیقت نہیں سمجھتے تھے اور ثابت کرنا چاہتے تھے کہ ایسا نہیں ہے۔
ریان ایک ماہ تک میکڈونلڈز کے بگ میکس بھی کھاتے رہے اور ساتھ فروٹ اور سلاد بھی کھاتے رہے۔ خاص بات یہ تھی کہ وہ اس کھانے کے ساتھ ایک گھنٹے کے ورزش بھی کرتے رہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ایک ماہ میں ان کے وزن میں اضافے کی بجائے تقریباً چھ کلو گرام کی کمی ہوئی۔
ریان کا کہنا ہے کہ ”سپرلاک نے تھوڑی سی بے انصافی کی ہے۔ وہ روزانہ پانچ ہزار کیلریز پر مشتمل کھانا کھاتے رہے اور کوئی ورزش نہیں کی۔ انہوں نے موٹا تو ہونا ہی تھا۔ میں یہ ثابت نہیں کرنا چاہ رہا کہ میکڈونلڈز کا کھانا کھاتے رہنا کوئی صحت بخش طریقہ ہے لیکن میں یہ ضرور ثابت کرنا چاہتا تھا کہ آپ میکڈونلڈز سے بھی کھائیں تو مناسب ورزش کر کے اپنے وزن کو کنٹرول میں رکھ سکتے ہیں۔“