عالم اسلام کو سنگین عالمی سازشوں کا سامنا ،قبلہ او ل اور مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دینا فر ض ہے:سینیٹر سراج الحق
خرطوم(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عالم انسانیت کو قرآنی تعلیمات اور رسول اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کی ضرورت ہے ، عالم اسلام کو سنگین عالمی سازشوں کا سامناہے ، مسلمان اتحاد و یکجہتی سے ہی نصرت الٰہی کے حق دار بن سکتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک اسلامی سوڈان کے نویں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ناموس رسالتﷺ ہر مسلمان کا جزو ایمان ہے، قبلہ او ل اور مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دینا ہر مسلمان اور ہر انصاف پسند انسان کا فر ض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سوڈان جڑواں بھائیوں کی حیثیت رکھتے ہیں،ان تعلقات کو انشاءاللہ مزید مضبوط و توانا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اللہ نے معدنیات اور انسانی وسائل سے نوازا ہے ،اب عالم اسلام کو غیرت مند قیادت کی ضرورت ہے ،خوشی کی بات ہے کہ سوڈان کو عمر البشیر کی قیادت نصیب ہوئی جبکہ پوری انسانیت کو آج بھی ایک عمر فاروقؓ کی ضرورت ہے۔سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو مشترکہ معاشی، تعلیمی اور دفاعی نظام کی ضرورت ہے تاکہ فلسطین اور کشمیر آزاد ہو جائے اور انسانیت کو سہارا ملے ،فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم طبقات آپ کے انتظار میں ہیں ۔تحریک اسلامی سوڈان کے نویںاجتماع سے سوڈانی صدر عمر البشیر ، تحریک اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر آل زبیر الحسن اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز نے بھی خطاب کیا۔