چیئرمین نیب نے ایسے منصوبے کا نوٹس لے لیا کہ (ن) لیگ کی ہوائیاں اڑ جائیں گی، جان کر آپ بھی ہکا بکا رہ جائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال نے سیف سٹی منصوبے کے غیر فعال ہونے کا نوٹس لے لیا ہے اور اسلام آباد سیف سٹی منصوبے پر اخراجات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے نیب راولپنڈی کو اس منصوبے کے بارے میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ سیف سٹی منصوبہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا لہٰذا منصوبے کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کے ذریعے لگائے گئے 1600 کیمروں میں سے 600 فعال ہی نہیں ہیں جبکہ 800 کیمرے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور چہروں کی شناخت نہیں کر سکتے۔
اس کے علاوہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بھی اسلام آباد میں سیف سٹی منصوبے کے تحت لگائے گئے کیمروں کی فعالیت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ 1800 کے قریب کیمرے نصب کئے گئے لیکن کسی کیمرے میں یہ صلاحیت نہیں ہے کہ گاڑی کا نمبر یا کسی شکل کی تصدیق کر سکے۔ انہوں نے سیف سٹی منصوبے کے تحت نصب کیے گئے کیمروں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا، تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔