شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کیلئے 51 ہزار روپے چندہ دے دیا
ایودھیا (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے سنٹرل شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کیلئے 51 ہزار روپے کا چندہ دیا ہے۔
9 نومبر کو بھارتی سپریم کورٹ نے ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کا حکم دیا تھا اور مسجد کیلئے 5 ایکڑ علیحدہ جگہ دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔ سنٹرل شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی نے کہا ہے کہ بابری مسجد تنازعہ میں سپریم کورٹ کا فیصلہ توقع کے عین مطابق آیا ہے، یہی ایک راستہ تھا جس کے ذریعے مسئلے کو حل کیا جاسکتا تھا۔
وسیم رضوی کے مطابق شیعہ وقف بورڈ تو پہلے ہی سپریم کورٹ میں درخواست کے ذریعے یہ کہہ چکا تھا کہ یہاں رام مندر تعمیر ہونا چاہیے، بورڈ نے اس سلسلے میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔
رام مندر کی تعمیر کیلئے 51 ہزار روپے کی رقم وسیم رضوی کی فلم کمپنی کی جانب سے دی گئی ہے، وسیم رضوی کے نمائندے اشفاق حسین ضیا نے رام جنم بھومی کے مہنت راکیش داس کو چندے کی رقم دی ہے۔