عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنارہے ہیں،انعام غنی 

  عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنارہے ہیں،انعام غنی 

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ماڈرن پولیسنگ کی طرز پر سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے مطابق عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنارہی ہے اور معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کوموثر طور پراستعمال کیا جارہا ہے تاکہ پبلک سروس ڈلیوری کے عمل کو بہتر سے بہتر کیا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کے خاتمے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس شہریوں کی درخواستوں پر فی الفور کاروائیوں کو یقینی بنار ہے ہیں جبکہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے فرنٹ ڈیسک، 8787کمپلینٹ سنٹرسمیت دیگر پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جن کا مقصد شہریوں کو انصاف کی فی الفور فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس خدمت مراکز سے رواں سال اب تک لاکھوں شہری ایک ہی چھت تلے14سروسز سے مستفید ہوچکے ہیں اور صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں خدمت کاؤنٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔

 جس سے میڈیکل ڈاکٹ کے حصول انتہائی آسان ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ڈولفن، پیرو، اینٹی رائٹ،ریورائن اور ایس پی یو کی تشکیل سے پولیس فورس کی استعداد کارمیں اضافہ ہو اہے جبکہ پنجاب پولیس بالخصوص سی ٹی ڈی کی بروقت کاروائیوں کی بدولت صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پاکستان پرونشل سروسز اکیڈمی پشاور سے آئے خیبر پختونخواہ پولیس کے پانچویں جونیئر کمانڈ کورس میں شامل ڈی ایس پیزاور دیگر افسران کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، جونیئر کمانڈ کورس میں شامل افسران کو پنجا ب پولیس کی آئی ٹی ریفارمز،پبلک سروس ڈلیوری پراجیکٹس اور تھانہ کلچر کی تبدیلی سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ کورس میں شامل افسران کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں بہتر سے بہتر اہلکاروں کی بھرتی کیلئے سائیکالوجسٹس کو ریکروٹمنٹ کے وقت پینل کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ جسمانی و ذہنی طور پر مضبوط اور قابل نوجوانوں کو پولیس فورس کا حصہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے صوبے کے تمام تھانوں کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے جبکہ فرنٹ ڈیسک، حوالات اور ایس ایچ اوز کے کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ ان کیمروں کو سنٹرل پولیس آفس میں مانیٹر بھی کیا جارہا ہے۔ وفد میں شامل افسران نے پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر، سزاو جزا کے عمل سمیت آئی ٹی پراجیکٹس کے متعلق سوالات پوچھے اور پنجاب پولیس کے جدیدآئی ٹی پراجیکٹس کو دوسرے صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید قرار دیا۔ دورے کے اختتام پرایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور وفدکے سربرا ہ کے مابین یادگاری سووینئیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کیپٹن (ر) عطاء محمد بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی