تحریک لبیک کا بابری مسجد کی جگہ مند ر بنانے کے خلاف مظاہرہ

  تحریک لبیک کا بابری مسجد کی جگہ مند ر بنانے کے خلاف مظاہرہ

  



لاہور (نمائندہ خصوصی)تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کے حکم پر لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی کے سامنے بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے کے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرنے کیلئے اور بابری مسجد کی تعمیر نو کے سلسلہ میں آواز بلند کرنے کیلئے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ اور تحریک صراط مستقیم کے قائدین صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی،علامہ فرمان علی حیدری،علامہ محمد صدیق مصحفی،صاحبزادہ محمد حامد مصطفی جلالی کی قیادت میں مظاہرین نے زبردست نعرے بازی کی۔مقررین نے کہا بھارتی سپریم کورٹ کا ظالمانہ فیصلہ کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جاسکتا۔500سال پرانی مسجد کو منہدم کرنے اور بیحرمتی کرنے والے مجرموں کو رہا کرنے کے بعد یہ فیصلہ ظلم بالائے ظلم ہے۔

بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ کاروایؤں سے مسلمانوں میں ایک نئے پاکستان کی تحریک انگڑائی لے رہی ہے۔بھارت نے ایک طرف تمام انٹر نیشنل اصولوں کو پامال کرتے ہوئے کشمیر پر قبضہ کر کے اسے تقسیم کرلیا ہے اور تین مہینوں سے کشمیری مسلمانوں کو بدترین لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1