ٹیسلا کا اپنا نیا یورپی پلانٹ جرمنی میں قائم کرنے کا اعلان
سان فرانسسکو (اے پی پی) امریکی موٹر ساز و ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا نے اپنا نیا یورپی پلانٹ جرمنی میں قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ بات کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ایلن مسک نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ کمپنی یورپ کے لیے اپنا نیا پیداواری پلانٹ جرمنی کے دارالحکومت برلن کے نئے ایئرپورٹ کے قریب قائم کرے گی، اس کے علاوہ یہاں ایک انجینئرنگ اینڈ ڈیزائن مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ جرمن انجینئرنگ اعلیٰ معیار کی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اپنی گیگا فیکٹری یورپ کے اقتصادی مرکز جرمنی میں قائم کرنا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ یہ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی کی توسیع کے حوالے سے ایک اہم خبر ہے، اس نے گزشتہ ماہ اپنے چین میں واقع پلانٹ سے پیداواری عمل شروع ہونے کا اعلان کیا تھا۔کمپنی نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس کے یورپ میں تعمیر ہونے والے پلانٹ سے پیداوار کا عمل 2021 ء میں شروع ہوجائے گا۔