کسان پلیٹ فارم کا قیام خوشگوار اضافہ ثابت ہوگا، سیکرٹری زراعت پنجاب 

کسان پلیٹ فارم کا قیام خوشگوار اضافہ ثابت ہوگا، سیکرٹری زراعت پنجاب 

  



لاہور (اے پی پی) واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب نے بتایاہے کہ صوبہ بھر میں 30 سے زائد منڈیوں میں صارفین کی سہولت کیلئے کسان پلیٹ فارم قائم کیا جارہا ہے جو آنے والے دنوں میں کاشتکاروں اور صارفین کیلئے ایک خوشگوار اضافہ ثابت ہو گا، پنجاب بھر میں پھل و سبز منڈی بادامی باغ،سنگھ پورہ،ملتان روڈ،کچہ لاہور،ملتان،فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالا،بہاولپور، شیخوپورہ،قصور، ڈی جی خان، بہاولنگر،صادق آباد، میانوالی،بورے والا، مظفرگڑھ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، سیالکوٹ، جہلم،منڈی بہاؤالدین،بھکر،پاکپتن، اوکاڑہ، ساہیوال، گجرات،رحیم یار خان،چکوال،راجن پور اور چیچہ وطنی میں کاشتکاروں کیلئے جگہ مخصوص کی جا رہی ہے جہاں کاشتکار کمیشن و مارکیٹ فیس کی ادائیگی کے بغیربراہ راست صارفین کو اشیاء فروخت کر سکیں گے۔مخصوص جگہ/ کسان پلیٹ فارم پر کاشتکاروں کے بیٹھنے اور پینے کیلئے صاف پانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ ٹنل فارمنگ کے کاشتکار بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔کاشتکار کسی بھی شکایت کی صورت میں مارکیٹ کمیٹی کے موجودہ عملہ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 21 ارب27 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے پنجاب بھر میں زرعی ماڈل منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔اسی پروگرام کے تحت کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کسان پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔اس سہولت سے کاشتکاروں کو مڈل مین کے استحصال سے بچایا جا سکے گا اور صارفین کو بھی سستی اشیائے خوردو نوش میسر آسکیں گی۔

مزید : کامرس