نیشنل گیمز، ٹیبل ٹینس، سافٹ بال، جوڈور روئنگ اور سکواش کے مقابلوں میں آرمی کو برتری حاصل 

نیشنل گیمز، ٹیبل ٹینس، سافٹ بال، جوڈور روئنگ اور سکواش کے مقابلوں میں آرمی ...

  



پشاور(سپورٹس رپورٹر) 33ویں قومی گیمزمیں پاک آرمی نے ٹیبل ٹینس، سافٹ بال، جوڈو، روئنگ، سکواش سمیت دیگر کئی مقابلوں میں برتری قائم رکھتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرلیے۔ پشاور میں منعقدہ ہونے والے سکواش کے مردوں اور خواتین کے علیحدہ علیحدہ مقابلے پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کی فتوحات کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے پشاور کے پی اے ایف سکواش کمپلیکس میں منعقدہ مردوں کے ایونٹ کے فائنل میں واپڈا نے پنجاب کو2-0سے شکست دی ٹیم ایونٹ کے فائنل کے پہلے میچ میں فرحان محبوب نے پنجاب کے طیب اسلم کو 3-1کے سکور سے 11-4،11-3،11-9،3-11سے اور دوسرے میچ میں واپڈا کے دانش اطلس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنجاب کے عاصم خان کو 3-2سے 12-10،11-5،11-6،8-11،3-18سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنی ٹیم کے نام کیا جبکہ سکواش کے خواتین مقابلوں کے فائنل میں پاکستان آرمی نے اپ سیٹ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپدا کی مضبوط ٹیم کو 2-0سے مات دی۔ٹیبل ٹینس مرد وخواتین ڈبلز ایونٹ میں آرمی اور ریلوے نے گولڈ میڈلز جیت لئے۔ خواتین ڈبلز فائنل میں آرمی کی عائشہ فہیم اور ثناء مظفر نے واپڈا کی شبنم اور سعدیہ فلک کو گیارہ نو، بارہ دس اور سات گیارہ سے، مرد فائنل میں ریلوے کے حمزہ ملک اور کاشف رزاق نے آرمی کے سلمان ورک اور عبید شاہ کو گیارہ سات، گیارہ چھ، سات گیارہ، سات گیارہ اور گیارہ چار سے شکست دیکر گولڈ میڈلز جیت لئے۔ خواتین سافٹ بال ایونٹ میں آرمی نے واپڈا کو پانچ کے مقابلے میں رنز سے شکست دیکر گولڈ میڈل جیت لیا، خیبر پختونخوا نے بلوچستان کو 16 کے مقابلے میں 22 رنز سے شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ نیشنل گیمز جوڈو ایونٹ میں پہلے روز کے مقابلوں کے اختتام پر آرمی نے پانچ گولڈ، ایک برونز اور 81 پوائنٹس کے ساتھ برتری حاصل کرلی، آرمی نے مرد 50 کلوگرام کیٹگری میں گولڈ، 55 کے جی میں برونز، اوپن کیٹگری میں گولڈ، خواتین 40 کے جی میں گولڈ، 44 کے جی میں گولڈ اور اوپن کیٹگری میں گولڈ جیتے۔ واپڈا ایک گولڈ، دو سلور، دو برونز اور 46 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔روئنگ آرمی نے جیت لی آرمی نے 13 گولڈ، 14 سلور اور دو برونز میڈلز جیتے، واپڈا نے 9 گولڈ، 6 سلور اور 10 برونز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ ریلوے نے تین گولڈ، پانچ سلور اور 15 برونز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ باسکٹ بال مقابلے اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئے مردوں میں پاکستان آرمی، واپڈا، پی اے ایف اور پنجاب جبکہ خواتین میں واپڈا، پنجاب، ریلویز اور آرمی کی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی