غربت کم کرنے کے اقدامات کرنیوالے ممالک میں پاکستان کا14 واں نمبر
نیو یا رک (آن لائن)دنیا کے114ممالک میں انتہائی غربت کی شرح میں سالانہ کمی کے اقدامات کے حوالے سے پاکستان 14ویں نمبر پر ہے۔2000 سے2015 کے دوران غربت کو کم کرنے میں جن 15 ممالک نے انقلابی اقدامات کیے ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ورلڈ بینک کی 2011 میں انتہائی غربت کی رپورٹ کے مطابق یومیہ295 روپے (ایک عشاریہ 90ڈالر) سے کم آمدنی والے افراد انتہائی غربت کے زمرے میں آتے ہیں۔ غربت کم کرنے میں پاکستان کے علاوہ تنزانیہ، تاجکستان، چاڈ، کانگو، کرغزستان، چین، بھارت، مولدوا، برکینا فاسو، کانگو، انڈونیشیا، ویت نام، ایتھوپیااور نیمیبیا شامل ہیں۔2000 میں پاکستان میں 4 کروڑ 14 لاکھ افراد انتہائی غربت کی زندگی گزارتے تھے جبکہ پندرہ برس بعد انتہائی غربت کی سطح پر صرف 76 لاکھ افراد ہیں، پندرہ برس کے دوران تین کروڑ 38 لاکھ افراد انتہائی غربت کے دائرے سے نکل گئے۔بھارت نے 2004 سے 2011 کے درمیان سالانہ2عشاریہ4فی صد کمی کی۔ غربت کو کم کرنے میں سب سے زیادہ کام تنزانیہ نے کیا جس نے سالانہ 3 عشاریہ 2 فی صد کے لحاظ سے انتہائی غربت میں کمی کی۔ 2000 میں 50 کروڑ37 لاکھ چینی انتہائی غربت کی زندگی گزارتے تھے 2015میں یہ تعداد صرف ایک کروڑ رہ گئی۔
غربت کمی