محکمہ سرمایہ کاری سندھ میں ڈوئنگ بزنس ریفارمز امپلی مینٹیشن یونٹ قائم

محکمہ سرمایہ کاری سندھ میں ڈوئنگ بزنس ریفارمز امپلی مینٹیشن یونٹ قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی بنک کے ڈوئنگ بزنس ریفارم انڈیکس میں پاکستان کی رینکنگ میں واضح بہتری آنے کے بعد سندھ حکومت نے کاروباری آسانیوں کے پروگرام میں مزید بہتری لانے کے لئے محکمہ سرمایہ کاری کے ماتحت سندھ ڈوئنگ بزنس ریفارمز امپلی مینٹیشن یونٹ (SDBRIU) قائم کردیا ہے۔ یہ یونٹ تمام متعلقہ سرکاری اداروں، نجی شعبے اور دیگر کاروباری اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط اور مشاورت کے زریعے کاروباری آسانیوں کے پروگرام کو مزید بہتر بنانے کے لئے ان سب کی شمولیت اور اونر شپ کے احساس کے ساتھ دور رس اقدامات عمل میں لائے گا اور سندھ حکومت کے کاروباری آسانیوں کے اصلاحاتی ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھائے گا۔یہ یونٹ صوبے میں کاروبار شروع کرنے کے لئے درکار اجازت ناموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور خامیوں کو دور کرنے اور اس ضمن میں بین الاقوامی طور پر رائج طریقوں ( Practices) کے اطلاق کو ممکن بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات بھی سندھ حکومت کو منظوری اور عملدرآمد کے لئے پیش کرے گا۔واضح رہے کے سندھ حکومت کا محکمہ سرمایہ کاری, عالمی بنک کی معاونت کے ساتھ صوبے میں کاروباری آسانیوں کے لئے ایک مؤثر پروگرام پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے جس کے تحت کاروبار شروع کرنے کے لئے درکار اجازت ناموں،لائسنسز اور پرمٹس وغیرہ کے حصول کے مراحل کو مختصر کرنے اور کم سے کم وقت میں کاروباری اجازت ناموں کے حصول و اجراء کے لئے موثر اصلاحات پر عمل کیا جارہا ہے۔پاکستان کے تمام صوبوں میں عالمی بنک کے تعاون سے کی جانے والی کاروباری آسانیوں کی مذکورہ اصلاحات کے نتیجے میں گذشتہ ماہ عالمی بنک کے ڈوئنگ بزنس ریفارمز انڈیکس میں پاکستان کی رینکنگ واضح طور پر بہتر ہوئی ہے۔ڈوئنگ بزنس ریفارمز کے سلسلے میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر پہلے ہی سندھ ڈوئنگ بزنس ریفارمز کونسل (SDBRC) فعال ہے جس کے زیر نگرانی محکمہ سرمایہ کاری سندھ میں ڈوئنگ بزنس ریفارمز پر پیش رفت کی جاتی رہی ہے اور اب اس مقصد کے لئے سندھ حکومت نے ایک باقاعدہ ڈوئنگ بزنس ریفارمز امپلی مینٹیشن یونٹ بھی قائم کردیا ہے یہ یونٹ محکمہ سرمایہ کاری سندھ کے دفتر فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر کراچی کے بلاک بی(B)کی پہلی منزل پر قائم کیا گیا ہے۔سندھ ڈوئنگ بزنس ریفارمز امپلی مینٹیشن یونٹ کو مستعد اور فعال رکھنے کے لئے اخبارات میں باقاعدہ تشہیر کے بعد ایک ڈائریکٹر، دومینجرز اور ایک کمیونی کیشن افسر کا تقرر کیا گیا ہے۔