کراچی، این آئی سی وی ڈی کے 11ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

کراچی، این آئی سی وی ڈی کے 11ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے قانون و ماحولیات مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ کنٹینرز کا استعمال سیاست اور سڑکیں بند کرنے کے لئے کیا جارہا ہے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت ان کنٹینرز کو عوامی خدمت کے لئے استعمال کر رہی ہے، کنٹینرز میں قائم قومی ادارہ برائے امراض قلب کے چیسٹ پین یونٹس پورے ملک کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں، این آئی سی وی ڈی کی انتظامیہ سے درخواست ہے کہ کراچی سینٹرل جیل میں بھی ایک چیسٹ پین یونٹ قائم کریں، اقتدار میں آکر کر پورے ملک میں این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹ قائم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار مرتضی وہاب نے قومی ادارہ برائے امراض قلب کے لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں قائم گیارہویں چیسٹ پین یونٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر، ادارے کی چیف آپریٹنگ آفیسر عذرا مقصود، ڈاکٹر ملک حمیداللہ، سمیت علاقے کے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔انہوں نے اس موقع پر پروفیسر ندیم قمر سے درخواست کی کہ وہ سینٹرل جیل کراچی کے قیدیوں کے لئے بھی ایک چیسٹ پین یونٹ جیل کے اندر ہی قائم کریں جہاں پر ہزاروں قیدی موجود ہیں.مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ کراچی میں مرکزی این آئی سی وی ڈی کو بہتر بنانے کے بعد پورے سندھ میں اس ادارے کے سیٹلائٹ سینٹرز قائم کئے انہوں نیکہا اب نہ صرف باقی تین صوبوں بلکہ گلگت بلتستان اور کشمیر سے لوگ علاج کی بہترین اور مفت سہولیات حاصل کرنے کے لیے سندھ کا رخ کرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ پیپلزپارٹی مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد قومی ادارہ برائے امراض قلب کے چیسٹ پین یونٹس پورے ملک میں قائم کرے گی۔بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے چیسٹ پین یونٹس 24گھنٹے بغیر کوئی فیس چارج کیے عوام الناس کی خدمت اور بھلائی میں مصروف ہیں جبکہ سندھ کے علاوہ کسی اور صوبے میں ایسی کوئی سہولت عوام کو میسر نہیں۔قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے اس موقع پر بتایا کہ ان کے چیسٹ پین یونٹس نے اب تک سات ہزار سے زائد ایسے لوگوں کی جانیں بچائی ہیں جنہیں شدید ہارٹ اٹیک ہو رہا تھا اور اگر انہیں فوری طبی امداد نہ دی جاتی تو وہ مر سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے چیسٹ پین یونٹس جن کی تعداد کراچی میں گیارہ اور پورے سندھ میں 13 ہے ان میں اب تک تین لاکھ سے زائد مریضوں کو کو دیکھا گیا اور انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ موجودہ سال کے آخر تک قومی ادارہ برائے امراض قلب کے سیٹلائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونس میں میں 25 لاکھ کے قریب لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا اور عوام سے درخواست کی کہ وہ این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹس اور سیٹیلائٹ سینٹرز کے متعلق عام لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ وہ ان سہولیات کا فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں  کوئی اتنا بڑا دل کی طبی سہولیات فراہم کرنے والا ادارہ نہیں جہاں پر دنیا کی بہترین طبی سہولتیں بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جا رہی ہوں۔