انٹی نارکوتکس فور س اور اداروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں: شہریار

انٹی نارکوتکس فور س اور اداروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں: شہریار

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیربرائے انٹی نارکوٹکس وسیفران شہریارخان آفریدی نے کہاہے کہ منشیات کیخلاف جنگ میں انٹی نارکوٹکس فورس و دیگر متعلقہ ادروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان نے ہمارے معاشرے بالخصوص نوجوان نسل کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا ہے، اس ناسور سے آنے والی نسل کو بچانے کی خاطر کو دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال منشیات کی جو بھاری مقدار ضبط کی گئی وہ منشیات کیخلاف حکومت کے عزم اور ANFکی انتھک محنت کو ظاہر کرتی ہے، منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کا قلع قمع کر کے قرار واقعی سزا دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ انٹی نارکوٹکس فورس اپنی قلیل نفری اور محدود وسائل کے باوجود منشیات اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کیخلاف بلا امتیاز کارؤائی جاری رکھنے ہوئے ہیں، ڈرگ فری سوسائٹی کے وژن کو ہر حال میں عملی جامہ پہنائیں گے، منشیات جیسے جرم کی بیخ کنی کیلئے بحیثیت پاکستانی ہم سب کو اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے انٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے منشیات نذرآتش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹرجنرل انٹی نارکوٹکس فورس میجرجنرل عارف ملک،کمانڈنٹ انٹی نارکوٹکس فورس خیبرپختونخوابریگیڈیئر متین احمدمرزا،باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاورکے جنرل منیجرعبیدالرحمان عباسی اورڈاکٹرانتخاب عالم بھی موجودتھے۔یادرہے کہ تقریب کے دوران تقریباً 16ٹن منشیات جلائی گئی، امسال انٹی نارکوٹکس فورس نے 344 مقدمات درج کیں اور سزا کی شرح 98 فیصد رہی، انٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کی سمگلنگ کے ذریعے بنانے والے 52.677 ملین روپے کے اثاثے بھی منجمد کر دئیے۔وفاقی وزیرشہریارخان آفریدی نے کہاکہ منشیات کی روک تھام کی کاوشوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے، منشیات کیخلاف پاکستان نے 32 ممالک کیساتھ باہمی یاداشت کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے جوانوں نے جام شہادت نوش کیئے مگر منشیات فروشوں اور منشیات کا قلع قمع کردیا، ماضی کی حکومتوں نے اس پر کام نہیں کیا۔ 

مزید : پشاورصفحہ آخر