ملک کئی مسائل کا شکار ہے ہمسایہ ممالک سے تعلقات ٹھیک نہیں: مہر سلطان 

ملک کئی مسائل کا شکار ہے ہمسایہ ممالک سے تعلقات ٹھیک نہیں: مہر سلطان 

  



پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ نے سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو صحت سے متعلق سہولیات کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اقتدار کے نشے میں اس قدر انتقامی سیاست پر اتر آئی ہے کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو بلا کسی جرم کے صرف الزامات کی بنیاد پر گرفتار کیا جا چکا ہے اور ان پر کسی بھی قسم کافرد جرم عائد نہیں کیا گیا ہے حکومت فوری طور پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو فوری طور پر رہا کرے اور ان پر بے بنیاد الزامات لگانے پر ان سے غیر مشروط طور پر معافی مانگے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین و کارکنان قید و بند کی صعوبتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں کیونکہ ہر دور میں پیپلز پارٹی کے قائدین کو عوام کی محبت کے باعث سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے جو کسی بھی حکومت کو زیب نہیں دیتی اور کوئی بھی عوام کے دلوں سے پیپلز پارٹی کیلئے محبت نہیں نکال سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مملکت خداداد کئی ایک مسائل کا شکار ہے ہمسایہ ممالک کیساتھ ہمارے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں ایسے حالات میں مسائل حل کرنے کے بجائے ملک وقوم کی خاطر قربانیاں دینے والے سیاستدانوں کی پھگریاں اچھالنا حکومت کو زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں مہنگائی کے طوفان کا نوٹس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خوردونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث عوام خوکشیوں پر مجبور ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر