کوہاٹ،سری لنکا بجھوانے کا جھانسہ دینے والا جعلی اہلکار گرفتار

کوہاٹ،سری لنکا بجھوانے کا جھانسہ دینے والا جعلی اہلکار گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس نے بھارت اور سری لنکا بھجوانے کے جھانسے میں لوگوں کو لوٹنے والے جعلی این جی او اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔مبینہ طور پر انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم کے قبضے سے درجنوں پاسپورٹ،لوٹی ہوئی رقم،جعلی ڈیٹا پر مشتمل لیپ ٹاپ اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کرکے قبضے میں لئے گئے ہیں۔گرفتار ملزم نے کوہاٹ،کرک،پشاور،بنوں،لکی مروت اور دیگر شہروں کی خواتین سمیت متعدد افراد کوبیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دیکرلوٹا ہے۔زیر حراست ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔مبینہ جعلساز کو عدالت کے سامنے پیش کرکے جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی فیاض خان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کو عوامی شکایات موصول ہوئی تھی کہ پشاور سے تعلق رکھنے والا وسیم عباس نامی شخص شہریوں کو بھارت اور سری لنکا بھجوانے کا جھانسہ دیکر پیسے بٹھورنے کیلئے سرگرم عمل ہے جس پر فی الفور ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ نے مذکورہ شخص کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا حکم دیدیا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم کی تلاش شروع کردی گئی کہ اس اثناء میں کوہاٹ کے شہری علاقہ محلہ شاہ آباد کالونی کے رہائشی امجد اقبال نے انہیں رپورٹ درج کرائی کہ وسیم عباس ولد محمد شاکر سکنہ چمکنی پشاور نے این جی او کے نام پر مقامی گیسٹ ہاؤس میلینیم میں ورکشاپ منعقد کرکے کوہاٹ اور کرک کی 13خواتین سمیت درجنوں افراد سے لاکھوں روپے کی نقدی اور پاسپورٹس اکٹھے کرکے انہیں انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ایک مہینے کی تربیت کیلئے بھارت کے شہر ممبئی اور سری لنکا بھجوانے اور واپسی پر پاکستان میں 75ہزار روپے ماہانہ تنخواہ کے عوض ملازمت دینے کا جھانسہ دے رکھا ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ان شکایات پر انہوں نے پولیس نفری کے ہمراہ میلینیم گیسٹ ہاؤس پر اچانک چھاپہ مارا جہاں مقیم اس مبینہ جعلساز کو گرفتار کرلیا گیا اور انکے قبضے سے درجنوں پاسپورٹ،لوٹی ہوئی رقم،جعلی ڈیٹا سے بھری لیپ ٹاپ اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کرلئے گئے ہیں۔ایس ایچ او فیاض خان کے مطابق پکڑا گیا ملزم خود کو گلوبل فاؤنڈیشن اور برٹش کونسل کا ممبر ظاہر کرکے لوگوں سے جعلسازی کے ذریعے پیسے بٹھورنے کے دھندے میں مصروف عمل تھا جسکے خلاف کوہاٹ کے شہری امجد اقبال کی مدعیت میں باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے مدعی مقدمہ اور اسکے ایک دوست خرم شہزاد سے بیرون ملک بھجنے اور ملازمت دلوانے کے عوض مجموعی طور پر 65ہزار روپے کی رقم ہتھیالی ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم سے برآمد ہونیوالے پاسپورٹس میں مدعی مقدمہ اور اسکے دوست کی پاسپورٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کردیا گیا ہے جسے بعد ازاں جوڈیشل ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔ایس ایچ او کے مطابق گرفتارملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی بھی توقع کی جارہی ہے۔