"الزام کا ثبوت دو یا پھر معافی مانگو " نجی ٹی وی چینل کی خبر پر آصفہ بھٹو برہم ہوگئیں

"الزام کا ثبوت دو یا پھر معافی مانگو " نجی ٹی وی چینل کی خبر پر آصفہ بھٹو برہم ...

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹواے آر وائی نیوز پر برہم ہوگئیں۔ سندھ میں کتوں کو تلف کرنے کی مہم روکنے کی خبرچلنے پر اے آروائی نیوزاورمیڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ثبوت لائیں یا پھر معافی مانگیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہااے آروائی نیوز نے پنجاب اور کے پی کے میں پولیو، ایڈز ، ڈاکٹرز پر تشدد اورکے پی میں بچوں سے زیادتی کرنے والے کو سرکاری ملازمت دیئے جانے جیسے مسائل کو نظرانداز کیااور اندھا دھند دوسرے چینلز کی پیروی کرتے ہوئے مجھ پربہتان باندھنے میں لگا ہواہے۔انہوں نے کہاوہ یا تو الزامات ثابت کریں یا پھر معافی مانگیں۔

آصفہ نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ خاص طور پر جھوٹی کہانیاں ان سے منسوب کی جا رہی ہیں۔اس کی بجائے وفاقی حکومت سے ویکسین بنانے کا کہا جائے۔

دوسری جانب اے آروائی نیوز نے اپنے ردعمل میں درج ذیل ٹکرز چلائے ہیں۔ آئینہ ان کو دکھایا تو بر مان گئے۔کتے کی خبرچلانے پر آصفہ بھٹو کااے آروائی پر غصہ ۔ٹویٹ میں حسین کا ذکر تک نہیں۔

سوشل میڈیا پر کچھ نیا ہواور صارفین چپ رہیں ایسا تو ممکن ہی نہیں ۔

عمران دھمڑا نامی شخص نے لکھاکہ” ضمیر فروش پیسے کی پجاری صحافت ہمیشہ حقائق کے خلاف کام کرتی ہے۔“

سبحان نے کہا بی بی اے آر وائی ان غریبوں کی آواز بنتا ہے جو آپ کو سنائی نہیں دیتے ۔

واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو میں کہاگیا تھا سندھ میں کتوں کو تلف کرنے کیلئے شروع کی گئی صوبائی حکومت کی مہم آصفہ اور بختاور بھٹو کے کہنے پر روکی گئی۔

مزید : اہم خبریں /ڈیلی بائیٹس