نا خوش رہنے کے زریں اصول
آخر ہر کوئی آپ کو خوش رہنے کے ہی طریقے کیوں بتاتا ہے کبھی ایسا بھی تو ہونا چاہیے کہ آپ دکھی ہو کر بھی دیکھیں ورنہ آپ زندگی کا کیا خاک مزا لیں گے اسلئے آج ارادہ آپ کو ایسے سنہری اصول بتانے کا ہے جن پر عمل پیرا ہو کر آپ دل کھول کر نہ صرف دکھی ہو سکتے ہیں بلکہ مستقل ناخوش بھی رہ سکتے ہیں ۔
دوسروں پر حد درجہ تکیہ اور بھروسہ
ناخوش رہنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کسی دوست اور عزیز رشتہ دار پر آپ ضرورت سے زیادہ بھروسہ کرنے لگیں اور اپنے ہر کام کے لئے ان کی طرف دیکھیں ، آپ کو ناخوش ہونے میں ایک پل نہیں لگے گا ، کیونکہ ہر انسان کا اپنا مزاج اور الگ طبعیت ہے اور وہ اسی حساب سے چلتا ہے ، ہر مرتبہ کوئی آپ کے کام نہیں آ سکتا ، لوگ اس وقت تک آپ کیساتھ ہیں جب تک کہ ان کے اپنے مفاد بھی وابستہ ہیں۔ دنیا میں اچھے لوگ ضرور ہیں لیکن آخر کب تک ؟ پھر حد سے زیادہ توقعات سوائے تکلیف دینے کے کچھ نہیں کرتیں ۔
شکر گذار نہ ہونا
اگر آپ ناخوش اور اداس رہنا چاہتے ہیں تو دوسروں کو عطا کردہ نعمتوں کی نہ صرف تمنا کریں بلکہ یہ جاننے کے باوجود بھی کہ حسد ایک بری عادت ہے ، لوگوں سے جلیں ، اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمتوں کو اپنے لئے ناکافی سمجھیں آپ خود بخود پریشان ہونے لگیں گے ۔
دوسروں کی خوشی کا ٹھیکا لے لینا
ہمیشہ یہ یاد رکھیں کہ ہر بندہ اپنے آپ کو خوش رکھنے کا خود ضامن ہے ، اگر آپ کو ہرٹ ہونا ہی ہے تو دوسروں کی خوشی کو ہمیشہ مقدم رکھیں ، ہر کسی کو خوش رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں ، خوشی بانٹنے کے اسی عمل سے آپ خود یقننا ناخوش ہو جائیں گے ۔
دوسروں کے مثبت اور منفی رویوں کو زیادہ سے زیادہ محسوس کریں ۔
آپ کوئی بھی کام کریں دنیا میں آپ کو ہر طرح کے لوگ ملیں گے ، اچھے اور برے دونوں ، البتہ منفی تبصرے آپ کو زیادہ ملیں گے ، اگر آپ نے ناکام اور ناخوش رہنے کا تہیہ کر ہی لیا ہے تو لوگوں کی جھوٹی تعریفوں اور بے جا تنقید کو ہمیشہ خوش آمدید کہیئے آپ کو مطلوبہ نتائج حاصل ہو جائیں گے ۔
رقم پس انداز نہ کرنا ۔
اگر آپ نے سوچ ہی لیا ہے کہ خوش نہیں رہنا تو کبھی برے وقت کے لئے رقم کبھی پس اندازنہ کریں ، کھلے ہاتھوں فضول خرچی کریں، جتنا پیسہ لٹا سکتے ہیں لٹائیں اور مشکل کے وقت کسی دوست کے سامنے ہاتھ پھیلائیں آپ نہ صرف دکھی ہوں گے بلکہ دوستی کا اصل روپ بھی سامنے آ جائے گا ۔
اس طرح اور بھی بہت سے زریں اصول ہیں جن پر عمل کر کے آپ بالکل ناخوش رہ سکتے ہیں ، جن میں دوسروں کی لڑائی میں مزید پھڈا ڈالنا ، اپنی خوشی کو لوگوں یا چیزوں سے مشروط کرنا ، مطمئن نہ رہنا ، ایسی چیزیں سوچنا جن پر آپ کا کوئی اختیار نہیں ، مسائل کو سر پر سوار کرنا ، یہ سب چیزیں آپ کو ایک منٹ میں اداس کر دیں گی ۔
لیکن اگر آپ کو خوش رہنا ہے تو ان سب اصولوں کے متضاد اصولوں کو اپنائیں ، متضاد یا الٹ الفاظ کیا ہوتے ہیں یہ میری طرح آپ نے بھی اردو گرائمر میں پڑھ رکھا ہو گا۔
۔
نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔