نواز شریف جولائی میں وطن واپس کیوں آئے؟سابق نگران وزیر اعلیٰ نے وجہ بتادی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری نے کہاہے کہ نوازشریف کاجولائی میں واپس آنا سیاسی مجبوری تھی، اگر وہ نہ آتے تو ان کی پارٹی کونقصان ہوتا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“میں گفتگو کرتے ہوئے حسن عسکری نے کہا کہ اس وقت حکومت اور ن لیگ کی جانب سے سیاست کی جارہی ہے ، حکومت نے اگر سکیورٹی بانڈ کی بات کی تھی تو نواز شریف کی سیریس حالت کے پیش نظر سکیورٹی بانڈ دیدیا جاتا اور نواز شریف ملک سے باہر چلے جاتے ۔ ن لیگ بعد اس بانڈ کوعدالت میں چیلنج کردیتی کہ دیکھیں کہ ہم نے بانڈ دیدیا ہے اور یہ قانونی طور پر ٹھیک نہیں ہے ، اس لئے اس کوختم کیاجائے ۔
حسن عسکری کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک شہاد ت یہ ہے کہ شریف خاندان کے بہت سے لوگ مطلوب ہیں اور وہ ملک سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کاجولائی میں واپس آنا سیاسی مجبوری تھی، اگر وہ نہ آتے تو ان کی پارٹی کونقصان ہوتا ۔ اب عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا پڑے گا ، مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے سیاستدان اپنے مسائل حل نہیں کرسکتے اور اداروں کے پاس چلے جاتے ہیں جس سے اداروں کا غلبہ ہوجاتا ہے ۔