شہری خود بھی احتیاط کریں، بچے کتوں کو نہ چھیڑیں:صوبائی وزیر صحت سندھ کا عوام کو مشورہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کی وزیرصحت عذرا پیچوہو نے دعویٰ کیاہے کہ صوبے میں کتے کے کاٹے کی13ہزار کے قریب ویکسین موجود ہیں،اُنہوں نے عوام کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہاہے کہ بچے کتوں کو نہ چھیڑیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عذرا پیچوہو نے کہاکہ حسنین کو 6،7کتوں نے کاٹا، واقعہ افسوسناک ہے، بچہ این آئی سی ایچ کے آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہے،ڈاکٹرز کل بچے کا دوبارہ معائنہ کریںگے، بچے کی سرجری مرحلہ وار ہوگی، کوشش ہے انفیکشن نہ ہو،کتوں نے حسنین کے منہ پر بری طرح کاٹا ہے، کوشش کررہے ہیں کتوں کو ویکسین دی جائے، کتوں کی تعداد کم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شہری خود بھی احتیاط کریں، بچے کتوں کو نہ چھیڑیں، بچہ حسنین اس وقت وینٹی لیٹر پر اور تکلیف دہ مرحلے سے گزر رہاہے۔ بچے کی سرجری آسان نہیں۔ کے ایم سی کے ہسپتال ہمارے ماتحت نہیں، سپیشلسٹ ڈاکٹرز کراچی یا حیدرآباد میں کام کرنا پسند کرتے ہیں،حسنین کو بھی کتے کے کاٹے کی ویکسین دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بھٹو کےشہر لاڑکانہ میں بچے کو کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آیا جہاں 6 سے 7 کتوں نے کمسن بچے پر حملہ کیا اور اس کا منہ کھا گئے، متاثرہ بچے کو آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ لاڑکانہ میں کتے مار مہم شروع کی گئی تو آصفہ بھٹو ناراض ہوگئی تھیں، لاڑکانہ میں آصفہ کی وجہ سے کتا مار مہم روک دی گئی تھی جس کی وجہ سے یہ لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔