سڑکیں بند کرنے سے نقصان ہوگا، احتجاج کا حق ہے ملکی نظام مفلوج کرنے کا نہیں:جام کمال
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہسڑکیں بند کرنے سے تجارت اور عوام کا نقصان ہوگا،احتجاج کا حق ہر کوئی رکھتا ہے مگر یہ نہیں ہونا چاہئے کہ ملک کا پوارا نظام مفلوج کردیں،مولانا فضل الرحمان کو اسلام آباد سے دھرنا ختم کرنے پر سراہتا ہوں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہاگرآپ کی بات صحیح ہے تو اس کیلئے احتجاج کرنا غلط نہیں،سڑکیں بند کرنے سے تجارت اور عوام کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت ترقی کے دور سے گزر رہا ہے ،پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ،ہمارے پاس پھل، سبزیاں، گوشت کی بہترین پیداوار موجود ہے ،بلوچستان میں بہترین کاٹن کی پیداوار ہورہی ہے جو مصر کی کوالٹی جیسی ہے ،ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے بہت مواقع موجود ہیں، بلوچستان میں زراعت اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے بھرپور امکانات ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت اور سہولت فراہم کررہے ہیں۔