مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، بنگلہ دیش کے عوام اٹھ کھڑے ہوئے، مودی سرکار کے در و دیوار ہلادیے
ڈھاکا(آئی این پی) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں اہم عوامی مقامات پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کے خلاف بینرز لگ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پانچ اگست کے بھارتی فیصلے کے بعد مظلوم کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے دنیا بھر میں اجاگر ہونے کے سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور ہر ملک میں اس کی مذمت کی جا رہی ہے۔ یہاں تک کہ اب سابق مشرقی پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ بنگلہ دیش میں بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند ہونا شروع ہو گئی۔ بھارتی نواز بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے دورحکومت میں بھی ملک کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھارت مخالف پوسٹر آویزاں کر دیئے گئے۔ ڈھاکا کے اہم اور نمایاں مقامات پر آویزاں کیے گئے پوسٹروں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے اور تصاویر پر کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے مظالم اور تشدد کو دیکھا جا سکتا ہے۔ پوسٹر پر بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد اور ان کے والد شیخ مجید الرحمان کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔ پوسٹر پر بھارت مخالف نعرے درج کیے گئے ہیں۔ پوسٹروں پر فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کے حق میں بھی آواز بلند کی گئی ہے۔