ضمانتی بانڈز مانگے ہیں رائے ونڈ محل کی رجسٹری حکومتی خزانے میں جمع کرانے کا نہیں کہا،مولانا کا پلان بی اپنی موت آپ مر جائے گا:میاں اسلم اقبال
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نےکہاہے کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے حکومت پنجاب نے بھرپور تعاون کیا اور کسی طرح کی بھی سیاست نہیں کی، حکومت صرف شورٹی بانڈز جمع کرانے کا کہہ رہی ہے،رائے ونڈ محل کی رجسٹری حکومتی خزانے میں جمع کرانے کا نہیں کہہ رہی، مولانا فضل الرحمان کا پلان بی اپنی موت آپ مر جائے گا۔
ڈی جی پی آر آفس میں صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے جیل کے قیدی محمد نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کیں، کراچی سے ڈاکٹرمنگوایا اور وزیراعلی پنجاب نے اپنا جہاز بھی اس مقصد کے لئے مختص کیا، ہم نوازشریف کی صحت پر سیاست نہیں کررہے بلکہ اُن کی فیملی اُن کی صحت پر سیاست کررہی ہے،نواز شریف کو جرمانے یا سزائیں عمران خان یا پی ٹی آئی کی حکومت نے نہیں دیں بلکہ عدالت نےدی ہیں اور بیماری کی وجہ سے ان کی سزا معطل ہوئی ہے،ای سی ایل سےنام نکالنے کےلئےحکومت نےضمانتی باؤنڈ مانگےہیں اِنہیں یہ نہیں کہا گیا کہ وہ اپنے محلات سرکاری خزانے میں جمع کروادیں ، اس حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو تمام سہولتیں فراہم کیں اور کوئی پکڑ دھکڑ نہیں کی، ہماری حکومت نے نہ صرف ایمبولنس بھیجی بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں میں بھی شرکا کا خیال رکھا،مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا پلان اے کا حصہ تھا جب کہ مولانا کا پلان بی اپنی موت آپ مر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے آنے والے دنوں میں خوشخبری ملے گی، ملکی حالات میں بہتری آرہی ہے اور حکومتی اقدامات کے باعث سرمایہ کاری بھی آرہی ہے۔