گلگت بلتستان الیکشن، پولنگ کا عمل مکمل، ووٹوں کی گنتی شروع
گلگت (ڈیلی پاکستان آن لائن)گلگت بلتستان میں شہریوں نے اپنے نمائندے چننے کیلئے ووٹ کاسٹ کر دیئے ہیں اور پولنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس کےبعد اب ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی ہے، کچھ ہی دیر میں نتائج آنا بھی شروع ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے 24 میں سے 23 حلقوں میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی رکاوٹ کے پولنگ کا عمل جاری رہا جس میں شہریوں نے اپنے اپنے نمائندے منتخب کرنے کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔گلگت بلتستان میں سخت سردی کے باوجود بھی شہری جوک در جوک ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے نکلتے رہے جبکہ بوڑے اور معذور افراد نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے شاندار مثال قائم کی۔
گلگت بلتستان الیکشن کیلئے تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی طرف سے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی ۔ ایسا پہلی بار ہوا کہ مین سٹریم جماعتوں نے یہاں اتنی محنت سے کمپین چلائی ہے۔گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 24 نشستیں ہیں تاہم آج 23 نشستوں پر الیکشن کیلئے پولنگ ہوئی۔ جی بی اے تھری میں تحریک انصاف کے امیدوار جعفر شاہ کے انتقال کرجانے کی وجہ سے الیکشن نہیں ہو سکا۔
گلگت بلتستان الیکشن میں 7 لاکھ 45 ہزار 361 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کر لیا ہے۔ ان میں سے مرد ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 82 ہزار 997 اور خواتین ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 21 ہزار 75 ہے۔
الیکشن کیلئے سکیورٹی کے بھی بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں ، 10 اضلاع میں 8 ہزار 6 پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ ان میں سے 2506 اہلکاروں کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے جبکہ تین ہزار افسران و اہلکار پنجاب، 2 ہزار خیبر پختونخوا ، 500 سندھ اور 200 اہلکار بلوچستان سے منگوائے گئے ہیں۔ جی بی اسکاؤٹس کے 965 ، رینجرز کے 1700 اور ایف سی کے 1100 اہلکار بھی الیکشن عمل میں پولیس کی معاونت کریں گے۔