سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کس خاتون رکن کی اجلاس میں تعریف کر دی ؟ جانیے

Nov 15, 2024 | 01:24 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی عوامی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں۔ دیگر اراکان  اسمبلی نے بھی ڈیسک بجا کر حنا پرویز بٹ کے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حنا پرویز بٹ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی میں جس طرح  متحرک کردار ادا کر رہی ہیں اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز  کے ویژن کے مطابق  خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے کردار کو بہتری کی طرف لے کر جا رہی ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے خواتین کے خلاف تشدد اور ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کے لیے اتھارٹی میں کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے حنا پرویز بٹ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں صوبے میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثبت قدم ہیں۔ 
 سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ "آپ کا عوام کے ساتھ براہِ راست جڑنا اور  متاثرہ بچیوں اور ان کے خاندانوں سےخود ملاقات کرنا ایک قابل قدر عمل ہے۔ عوامی نمائندگان کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ عام سطح پر لوگوں سے تعلق قائم رکھیں۔"
حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی کو آگاہ کیا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ریپ اور  تشدد کے واقعات میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ایکشن لیتی ہے۔  زیادہ تر ریپ کیسز میں فوری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے اور مجرموں کی گرفتاری یقینی بنائی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس قسم کے کیسز کو ہم  میڈیا پر زیادہ ہائی لائٹ نہیں کرتے تاکہ متاثرہ خاندانوں اور بچیوں کی عزت و وقار کا تحفظ کیا جا سکے۔

مزیدخبریں