لاہور اور ملتان میں تمام کالجز اور یونیورسٹیز کوبھی بند کردیا گیا ، سموگ کے باعث پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری

Nov 15, 2024 | 10:38 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کے محکمہ ماحولیات نے سموگ کے باعث لاہور اور ملتان میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں پابندیوں کا اطلاق 16 سے 24 نومبرتک ہوگا، لاہور اور ملتان میں سموگ کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق طبی عملے اور پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق نجی و سرکاری ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ مریضوں کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم ہوں گے۔ محکمہ صحت سموگ سے پھیلنے والی بیماریوں کی ادویات کی فراہمی یقنی بنائے گا۔ ریسکیو 1122 سموگ سے متاثرہ مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر سروسز فراہم کرنے کا نظام بنائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں تمام کالجز اور یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی۔ محکمہ ماحولیات نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، مری کے سوا باقی تمام اضلاع میں سموگ کے باعث سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کے سوا تمام تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ ایندھن اور ادویات فراہم کرنے والی ہیوی گاڑیاں پابندی سےمستثنیٰ ہوں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس وینز، ایمبولینس اور ریسکیو کی گاڑیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ بھٹےاور فرنس آئل سے چلنے والی انڈسٹری مکمل بند رہیں گے۔شام 4 بجےتک ریسٹورنٹس میں بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہوگی۔ ریسٹورنٹس میں رات 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، تندور، ڈیری شاپس اور کوریئر سروسز کھلی رہیں گی۔ یوٹیلٹی سروسز فراہم کرنے والے تمام ادارے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ بڑے ڈپارٹمنٹل سٹورز اور فارمیسی سیکشن کھلے رہیں گے۔

مزیدخبریں