مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:49
مختلف اداروں کی خوشنودی و رضامندی کے حصول کے ضمن میں ابتدائی پیغامات و اشارے
اپنی مرضی اور خواہشات سے لے کر اپنے روزمرہ معمولات زندگی میں نافذ کرنے کے بجائے اپنی روزمرہ معمولات زندگی کو سرانجام دینے کی غرض سے ہمیں کچھ دیگر داروں کی طرف سے بھی ان کی خواہش اور مرضی کو مقدم رکھنے پر مبنی اشارے اور پیغامات ملتے ہیں۔ اس ضمن میں عبادت گاہیں، بہت زیادہ اثر و رسوخ کی حامل ہیں۔ آپ کو اپنے مذہبی اساتذہ اور پیشواؤں کو خوش کرنا پڑتاہے۔ یہ مذہبی اساتذہ، مذہبی قائدین اور راہنماؤں کی تعلیمات کو اپنے مفادات حاصل کرنے کی خاطر توڑ موڑ کر پیش کرتے ہیں۔
اس قسم کے اداروں میں حکومتی محکمے بھی شامل ہیں جو آپ کو اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق زندگی بسر کرنے کا سبق دیتے ہیں۔ ”اپنے آپ پربھروسا مت کیجیے۔آپ میں اس قدر صلاحیت موجود نہیں ہے کہ آپ اپنا کام تنہا انجام دے سکیں۔ ہم آپ کی مدد کریں گے۔ ہم آپ کے ٹیکس کی رقم روک لیں گے تاکہ آپ ٹیکس کی رقم خرچ نہ کر ڈالیں۔ ہم آپ کو مختلف طریقے بتائیں گے تاکہ سماجی طور پر آپ اپنی حفاظت کر سکیں۔ آپ کو اپنی زندگی کے متعلق کچھ سوچنے کی ضرورت نہیں ہم آپ کی زندگی کو سنواریں گے۔“ اس طرح آپ کی نظر سے مزید حکومتی ادارے گزرتے ہوں گے جو اپنی مخصوص ذمہ داریوں کے علاوہ بھی عوام کو اپنی خواہش اور مرضی کے مطابق زندگی بسر کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔
مزیدبرآں مختلف کتب میں ایسے اصول درج کیے گئے ہیں جنہیں لوگ اپنانے کے بجائے ان کی خلاف ورزی کرنے کو بہتر سمجھتے ہیں۔ اگر کتابوں میں درج ہر اصول پر عمل کرنے کی کوئی فرد کوشش کرتا ہے تو پھر آپ یہ دیکھیں گے کہ آپ ہر روز قوانین کی سیکڑوں مرتبہ خلاف وزری کر رہے ہیں۔کوئی شخص آپ کویہ بتاتاہے کہ آپ نے کیا خریداری کرنی ہے اور آپ کو کس وقت اورکتنی بار ٹھنڈا مشروب پینا ہے۔ آپ نے لباس کیسا پہننا ہے، آپ نے کہاں چلنا ہے۔ یہ قوانین وہی لوگ بتاتے ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ اور انہیں معلوم ہے کہ کون سا قانون اور اصول آپ کے لیے بہتر اور مفید ہے۔
ہر روز ہمیں معاشرے کی طرف سے ہزاروں پیغامات وصول ہوتے ہیں جن میں بتایا جاتاہے کہ آپ کو معاشرے کے احکامات و ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ یہ وہ نغمات ہیں جو ان پیغامات سے بھرپور ہوتے ہیں کہ ہمیں ہر معاملے میں دوسروں کی خوشنودی اور رضامندی مقدم رکھنی چاہیے۔ان میں سے سب سے مشہو ر نغمہ یہ ہے کہ آپ کو کونسی مصنوعات اوراشیاء خریدنی چاہئیں اور یہ نغمہ آپ کو آپ کے گمان سے کہیں زیادہ تباہ و برباد کر دیتا ہے۔ ذیل میں ایسے پیغامات اور اشارات کی فہرست دی جا رہی ہے جس کے ذریعے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی چیز یا کوئی شخص آپ سے بہت بہتر ہے۔ کسی خاص شخص کی خوشنودی و رضامندی حاصل کیے بغیر ”میں“ تباہ و برباد ہو جاتا۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔