وزیر اعلیٰ کے فنڈز سے چلڈرن ہسپتال میں جدید ترین ایم آر آئی مشین نصب
لاہور (جنرل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی جانب سے فراہم کردہ 180ملین روپے کے فنڈز سے چلڈرن ہسپتال لاہور میں جدید ترین ایم آر آئی مشین نصب کر دی گئی ہے جس نے تجرباتی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے یہ بات وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال میں نصب کی جانے والی جدید ترین ایم آر آئی مشین کے معائنہ کے بعد بتائی انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں جدید ترین مشین نصب ہونے سے ایم آر آئی کرانے والے مریضوں کی مشکلات میں کمی آئے گی اس موقع پر ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور بھی موجودتھے۔ پروفیسر احسن وحید راٹھور نے بتایا کہ ہسپتال میں نصب کی جانے والی ایم آر آئی مشین کا شمار جدید ترین مشینوں میں ہوتا ہے اوراس مشین کے ذریعے مریضوں کے پیچیدہ امراض کی تشخیص آسانی کے ساتھ کی جاسکے گی۔