یہ کشمیر پر بلاول کے بیان کا جواب ہے ،بھارتی ہیکرز نے لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ ہیک کر لی

یہ کشمیر پر بلاول کے بیان کا جواب ہے ،بھارتی ہیکرز نے لاہور ہائیکورٹ کی ویب ...

  

 لاہور(نامہ نگار خصوصی )بھارتی ہیکرز نے لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے دھمکی دی ہے کہ یہ کشمیر سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا جواب ہے ،بلاول بھٹو زرداری آئندہ ایسے بچگانہ بیانات سے اجتناب کریں،بصورت دیگر پاکستانی سرکاری اداروں کی مزید ویب سائٹس کو بھی ہیک کریں گے ۔ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر ہیکرز نے بھارتی ترنگا بھی لگا دیا۔لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کو ساہونامی بھارتی ہیکرز کے گروپ کی طرف سے ہیک کرتے ہوئے اس پر بھارتی پرچم اوروزیر اعظم نریندری مودی کی تصاویر کو چسپاں کیا گیا ہے، بھارتی ہیکرز کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کی ہیک کردہ ویب سائٹ پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے ”کشمیر بنے گا پاکستان“ اور” لواں گے لواں گے پورا کشمیر لواں گے “کی ٹویٹ جاری کی تھی جس کے جواب میں لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ ہیک کی گئی ہے ، ہیکرز نے پیغام میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو آئندہ بچگانہ بیان بازی سے گریز کریں کیونکہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے جسے کوئی نہیں چھین سکتا ، بھارتی ہیکرز نے پیغام میں دھمکی دی ہے کہ اگر کشمیر سے متعلق بیانات نہ روکے گئے تو پاکستان کے سرکاری اداروں کی مزید ویب سائٹس کو بھی ہیک کیا جائیگا۔ ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس منصور علی شاہ کی نگرانی میں کام کرنے والا عدالت عالیہ کا انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ویب سائٹ بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے ،مسلسل کوششوں کے بعد رات ساڑھے 7بجے آئی ٹی کے ماہرین نے ویب سائٹ سے بھارتی جھنڈا ہٹانے میں کامیابی حاصل کرلی ۔آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ جلد ہی ہائی کورٹ کی ویب سائٹ بحال کردی جائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -