سپیکر کا تحریک انصاف کے اراکین کو مزید 15 روز کی اضافی مہلت دینے کا فیصلہ

سپیکر کا تحریک انصاف کے اراکین کو مزید 15 روز کی اضافی مہلت دینے کا فیصلہ

  

 اسلام آباد(اے این این) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کےلئے مزید 15 روز کی اضافی مہلت دینے کا فیصلہ کرلیا،اس دوران اراکین بذریعہ فون بھی استعفے دینے کی تصدیق یا واپس لینے کی درخواست کرسکیں گے،شفقت محمود، امجد علی خان اور رائے حسن نوازطلبی کے باوجوداستعفوں کی تصدیق کےلئے سپیکرکے سامنے پیش نہ ہوئے، مزید چار ارکان نفیسہ عنایت اللہ خٹک، ساجدہ بیگم، عائشہ گلالئی کو(آج)بدھ کو طلب کررکھا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے تین ارکان شفقت محمود، امجد علی خان اور رائے حسن نواز کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کررکھا تھا تاہم یہ تینوں ارکان اسپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ ایاز صادق نے ( آج) بدھ کو مزید چار ارکان نفیسہ عنایت اللہ خٹک، ساجدہ بیگم، عائشہ گلالئی کو طلب کررکھا ہے ان تینوں ارکان کے بھی سپیکر کے سامنے پیش ہونے کا امکان نہیں ہے۔ بدھ کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے پہلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے اراکین کو مزید 15 روز کی اضافی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے یہ مہلت ختم ہونے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد آئندہ کا فیصلہ کرینگے۔ دو ہفتوں کی مہلت کے دوران تحریک انصاف کے اراکین کو فون کے ذریعے استعفوں کی تصدیق کی سہولت دی جائے گی۔ اس دوران تحریک انصاف کے اراکین بذریعہ فون بھی اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست کرسکیں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے استعفوں کے معاملے پر سپیکر سے رابطے کافیصلہ کیا ہے میں 17اکتوبر کے بعد ایاز صادق سے ملاقات کروں گا اور تحریک انصاف کے اراکین کے اکٹھے پیش ہونے کیلئے درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام اراکین سپیکر کے چیمبر میں ایک ساتھ پیش ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین نے اکٹھے استعفے دئیے تھے اور ایک ساتھ بلانے میں کوئی حرج نہیں ہوناچاہیے۔

مزید :

صفحہ اول -