دسمبر تک تمام سرکاری محکمے ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں جاری رکھیں،خواجہ سلمان رفیق

دسمبر تک تمام سرکاری محکمے ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں جاری رکھیں،خواجہ سلمان ...

  

لاہو (جنرل رپورٹر)مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ درجہ حرارت برقرار رہنے سے ڈینگی سیزن دسمبر تک طوالت اختیار کر سکتا ہے ۔ انہوں نے تمام سر کاری محکموں کو ہدایت کی کہ بھر پور طریقہ سے ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں اور ٹاؤن رسپانس کمیٹیوں کے اجلاسوں میں آؤٹ ڈور اور انڈور سرویلنس کی کوالٹی کی بھی پڑتال کی جائے ۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں اور سینئر افسران نے شرکت کی۔DCO لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ دیگر شہروں کے DCOs اور EDOs ہیلتھ نے ویڈیو لنگ کے ذریعے اجلاس میں اپنے اپنے ضلع میں ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات بارے بریفنگ دی ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فیاض بٹ نے بتایا کہ تمام حساس اضلاع میں ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لئے تمام محکموں کی جانب سے آؤٹ ڈور اور انڈور ڈینگی سرویلنس جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک لاہور میں 177 ڈینگی کے کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔ راولپنڈی میں اگرچہ اب تک ڈینگی کے 530 کیس رپورٹ ہوئے ہیں لیکن گذشہ سال کی نسبت صورتحال بہتر ہے انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے بہت زیادہ اقدامات کی ضرورت ہے جہاں سے اب تک 730 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ گذشتہ سال اسلام آباد میں ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا ۔ ڈی سی او راولپنڈی نے بتایا کہ اسلام آباد کے ڈینگی مریضوں کا علاج معالجہ بھی راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ہو ر ہا ہے جس سے ورک لوڈ بڑھ گیا ہے ۔ ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ نشتر کالونی ، DHA ، گلبرگ، سمن آباد اور اقبا ٹاؤن سے ڈینگی مریض رپورٹ ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جس گھر سے دوسری مرتبہ لاروا برآمد ہو گا انکے خلاف FIR درج کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور گذشتہ دو ہفتوں کے دوران 142 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 41 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رات کو درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ہی ڈینگی گھروں کے اندر آئے گا اور دن کا درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی افزائش جاری ہے جس کی وجہ سے صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور سخت محنت کی ضرورت ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے سپیشل برانچ اور PITB کی جانب سے ڈینگی سرویلنس میں نشاندہی کی گئیں کمزوریوں کو دور کرنے اور ہیلتھ لائن کو فعال اور موثر بنانے کی ہدایت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -