امت کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنا علماء کونسل کا شعار ہے،طاہر محمود اشرفی

امت کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنا علماء کونسل کا شعار ہے،طاہر محمود اشرفی

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)عالم اسلام کا اتحاد،فرقہ وارانہ تشدد کاخاتمہ اور امت کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنا پاکستان علماء کونسل کا شعار ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملت اسلامیہ باہمی اتحاد و اتفاق سے اپنے مسائل کو حل کرے۔ شام سے یمن اور کشمیر تک بہنے والا خون امت کو یکجا اور متحد ہونے کی دعوت دیتا ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مصر اور سعودی عرب کے ایک ہفتے کے دورے پر روانگی سے قبل لاہور ایئر پورٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ضروری ہے کہ مسلم امہ کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے ۔ فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ کو طویل عرصہ گزرچکا ہے لیکن اقوام متحدہ نے کوئی کردارادانہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سعودی عرب کی سرحدوں پر دہشتگرد گروہ جمع ہورہے ہیں اور شام ،عراق میں مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے ۔یمن،لیبیاء،افغانستان ہر جگہ آگ ہی آگ ہے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے باہمی اتحاد سے آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو انتہاپسندی اور دہشتگردی سے نکالنے کیلئے مسلم قائدین کو اپنا کرداراداکرنا ہے اور اس سلسلہ میں مصر میں فتویٰ کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس اہمیت کی حامل ہوگی ۔کانفرنس میں شرکت کیلئے جانے والے وفد میں ان کے ہمراہ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری مولانا اسد اللہ فاروق بھی شامل ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -