حکومت پانامہ لیکس پر تحقیقات کا آغاز کرے،میاں کامران سیف
لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ( ق )کے راہنما میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف تحریک اور اسلام آباد گھیراؤ سے بچنے کیلئے حکومت پانامہ لیکس پر تحقیقات کا آغاز کرے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ملک کو کرپشن سے پاک کرکے ہی دم لے گی پوری قوم پانامہ لیکس پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہے اور ملک سے لوٹی ہوئی دولت جو آف شور کمپنیوں میں لگی ہے اسے پاکستان لایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کو ملک میں کاروبار کی حوصلہ افزائی ہو اور ملکی دولت کو بیرون ملک جانے سے روکا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ نواز شریف اقتدار سے الگ ہوکر اپنے اہل خانہ کو آف شور کمپنیوں کے لیے تحقیقات کیلئے پیش کریں اگر ان کا دامن کرپشن سے صاف ہے تو انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں عدالتیں جو بھی فیصلہ کرینگی و ہ سب کو قبول ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی قوم کا پیسہ لوٹا اسے اب حساب دینا ہوگا قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا قوم ان سے پائی پائی کا حساب مانگ رہی ہے۔