بادشاہی مسجدمیں شہادتِ حضرت سیدنا امام حسینؓ کی یاد میں ’’سیدنا امام حسینؓ کانفرنس‘‘

بادشاہی مسجدمیں شہادتِ حضرت سیدنا امام حسینؓ کی یاد میں ’’سیدنا امام حسینؓ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار خصوصی)تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب و بادشاہی مسجد کے زیر اہتمام جمعۃ المبارک کوبسلسلہ شہادتِ حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی یاد میں سالانہ ’’سیدنا امام حسینؓ کانفرنس‘‘ خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیر آزاد (چیئر مین مجلس علماء پاکستان) کی زیر صدارت منعقدہوئی ،جبکہ مہمانان خصوصی میں نوازش علی سیکرٹری و چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف،ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف تھے،جبکہ علماء کرام میں مولانا نعیم بادشاہ،پیر عثمان نوری ،علامہ مشتاق حسین جعفری ،پرو فسیر عبد الحمید ، مولانا مفتی سیف اللہ خالد ،تاجر راہنما بلال احمد میر، صاحبز ادہ سید عبد القدیر آزاد،سید عبد البصیر آزاد،سید عبد الکبیر آزاد اور مکہ مکرمہ آئے ہوئے مہمان شیخ مامون خلیل نجمی و دیگر راہنما شریک تھے ،مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سید ناامام حسین رضی اللہ عنہ نے دین اسلام کی سربلندی کی خاطر اپنی جان قربان کی اور حق کی خاطر سینہ سپر ہوگئے، ان کی شہادت سے ہمیں صبر تحمل برداشت کا درس ملتا ہے جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنی جان حق کی خاطر پیش کی ان کا کوئی دنیاوی مقصد نہ تھا ، اور نہ کسی قسم کی لڑائی یا جنگ کے ارادہ سے وہ میدان میں نکلے تھے ،بلکہ وہ تو دین اسلام کی ترویج واشاعت اور سر بلندی کیلئے اپنے خاندان سمیت حق کی راہ میں نکل کھڑے ہوئے اور آخر وقت تک ڈائیلاگ کا راستہ اپنایا ، سیکرٹری اوقاف نوازش علی نے کہا کہ محر م الحرام ہمیں حضرت سیدنا اما م حسین کی یاد دلاتا ہے ، آج ان کے افکار و کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے ،اُن کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ہم اخوت ورواداری کی مثال قائم کریں ،ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور وقاف ہے حضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جگر گوشہ بتول رضی اللہ عنہما نے اپنی جان کا نذارانہ پیش کر کے اُمت مسلمہ کو وحدت کا درس دیا ،اور معرکہ حق و با طل میں وہ شہادت کے عظیم مرتبہ پر فائز ہوئے ،ہم حضرت سید نا امام حسین رضی اللہ عنہ کی عظیم شہادت اور ان کے خانوادہ کی قربانیوں اور شہادتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،دیگر مقرین نے اپنے اپنے بیان میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی دین اسلام کی خاطر عظیم خدمات کو سراہا اور زبر دست الفاظ میں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب کو حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سے عقیدت و محبت ہے ہر ایک اپنے اپنے عقیدہ کے مطابق ان شہداء کربلا کی لا زوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرے ،اور راوداری کی مثال قائم کرے ، حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ہمیشہ معرکہ حق و باطل کی یاد دلاتی رہے گی ۔آخر میں خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ملکی سا لمیت اور استحکام کیلئے خصوصی دعا ء کی ۔