افغانستان سی پیک میں شمولیت کا خواہشمند

افغانستان سی پیک میں شمولیت کا خواہشمند

  

اسلام آباد ( صباح نیوز)پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال کا کہنا ہے کہ افغانستان پاک ۔ چین اقتصادی راہداری کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس منصوبے کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے عمر زاخیل وال نے کہا کہ اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے جو صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے لیے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے، جبکہ جو منصوبہ پاکستان کے لیے اچھا ہوگا وہ پورے خطے کے لیے اچھا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغان عوام ترقی دیکھنے کے لیے پیاسے ہیں اور ملک کو خوشحال ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔افغان سفیر نے اقتصادی راہداری کے منصوبے میں افغانستان کو شامل کیے جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان راہداری منصوبے کی مکمل طور پر حمایت کرتا ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پورے خطے کے لیے سودمند ہے اور افغانستان کے لیے نہایت موزوں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اقتصادی راہداری کے منصوبے میں شامل ہو کر ترقی کرسکتا ہے اور افغانستان میں دہائیوں سے جاری جنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرسکتا ہے۔عمر زاخیل وال نے اس موقع پر افغان کرکٹ ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح افغان کرکٹ ٹیم دنیا کی آٹھویں بہترین ٹیم بن گئی، اسی طرح اگر موقع دیا جائے تو افغانستان دوسرے شعبوں میں بھی دنیا کو حیران کرسکتا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -