اے پی این ایس او ر سی پی این ای کے وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات ،سرل المیڈا کا نام ای سی سیل سے نکال دیا گیا

اے پی این ایس او ر سی پی این ای کے وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات ،سرل المیڈا کا ...

  

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اے پی این ایس اور سی پی این ای کے وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد صحافی سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا،سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن وزارت داخلہ نے جاری کیا۔تفصیلات کے مطابق سی پی این ای اور اے پی این ایس کے عہدیداروں نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں وفاق کی طرف سے وزیراطلاعات پرویزرشید اورپریس انفارمیشن افسر راؤتحسین خان بھی شریک تھے۔اس موقع پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے میڈیا کو ریاست کے دشمنوں کے پراپیگنڈا کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،قومی سلامتی کے امور پر غیر تصدیق شدہ اور قیاس آرائی پر مبنی خبروں پر ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے باوجود تحقیقات جاری رہیں گی۔اے پی این ایس اور سی پی این ای کی طرف سے صدر اے پی این ایس سرمد علی، جنرل سیکرٹری عمرشامی،چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمان شامی،عارف نظامی،ضیاء شاہداور اعجاز الحق نے ملاقات کی ۔

مزید :

صفحہ اول -