توانائی اور سی پیک منصوبوں سے دوست خوش اور دشمن پریشان ہیں :شہباز شریف

توانائی اور سی پیک منصوبوں سے دوست خوش اور دشمن پریشان ہیں :شہباز شریف

  

لاہور/ساہیوال(جنرل رپورٹر،بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور جیسے منصوبوں سے دوست خوش اور دشمن پریشان ہیں۔ سی پیک کے منصوبوں میں پاکستان اور چین کی ترقی اور خوشحالی شامل ہے۔سی پیک جیسے منصوبوں نے مستقبل کی بھی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ ساہیوال کے نزدیک قادر آباد میں لگنے والے 1320میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ کے دورے پروزیراعلیٰ نے منصوبے کی سائٹ پر اجلاس کی صدارت کی جس میں پراجیکٹ پر تیزرفتار پیش رفت کا جائزہ لیاگیا ۔وزیراعلیٰ نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی آزمائشی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا اوراہلکاروں سے گفتگو بھی کی۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ اور قونصل جنرل یوبورن بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پرکام کی رفتار کامعائنہ کیااوراس منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کو حیران کن حد تک تیزرفتار قرار دیا ۔وزیراعلیٰ نے پانچویں منزل پر لگائے جانے والے بہت بڑے جنریٹر کا بھی معائنہ کیا۔ چینی کمپنیوں کے ماہرین نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو منصوبے پر ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ چینی انجینئرز نے منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے ،روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور ہم بہت جلدتوانائی بحران پر قابو پالیں گے اوریہ سب کامیابیاں چین کے تعاون سے جاری سی پیک منصوبوں کی بدولت ممکن ہورہی ہیں۔ساہیوال میں زیر تعمیر 1320 میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ جون 2017 ء تک مکمل ہو جائے گا جو ریکارڈ مدت میں مکمل ہونیوالا توانائی کے شعبے میں دنیا کا پہلا منصوبہ ہو گا ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تیز رفتار تکمیل سے ہم نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی،روزگار بڑھے گا اور اندھیرے دور ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے پلانٹ اور چینی انجینئرز و عملے کی حفاظت کیلئے بنائے گئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی آزمائشی مشقوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی مشقوں کے دوران ان کے عملی مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی انجینئرز اور عملے کی حفاظت کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یونٹ کے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ محنت سے فرائض سرانجام دیں ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے منصوبے کی سائٹ پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم سی پیک منصوبے شروع کرنے اور ملک سے توانائی بحران کے خاتمے میں مدد دینے پر چینی حکومت اور عوام کی احسان مند ہے اور یہاں کام کرنے والے ہر چینی انجینئر اور مزدور کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ساہیوال پاور پراجیکٹ کے منصوبے کو چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی بہترین مثال قرار دیا اور کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار انتہائی تسلی بخش ہے جس سے اگلے سال جون تک پیداوار شروع ہو جائے گی ۔ا نہوں نے درآمدی کوئلہ پلانٹ تک پہنچانے کیلئے اضافی ریلوے ٹریک بچھانے اور ٹرانسمشن لائن کا کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں پلانٹ اور چینی ماہرین کی حفاظت کیلئے کیے گئے سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا اور وزیر اعلیٰ نے حفاظتی انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر چین کے سفیر سن ویڈانگ نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو چین اور پاکستان کے باہمی تعاون میں ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ سی پیک کے تحت مکمل ہونیوالے منصوبوں میں یہ ایک رول ماڈل منصوبہ ہے جسے بر وقت مکمل کرنے کیساتھ ساتھ اسے بین الاقوامی ماحولیاتی معیار کے مطابق بھی بنایا جائے گا ۔چینی انجینئرز اور عملے نے منصوبے کی سائٹ پر حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں اوردیگر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والے چینی ورکرز میں تحائف بھی تقسیم کئے۔

لاہور (جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین کاعالمی دن منانے کامقصدمعاشرے کی تعمیر وتشکیل اورملک کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کے مثبت کردارکااعتراف کرناہے اوراس دن کا بنیادی مقصد ان دیہاتی خواتین کے حقوق کاتعین کرناہے جو ملک کی تعمیر وترقی میں اپناکرداراداکرتی ہیں۔ پاکستانی کی دیہی خواتین نہایت محنتی اور جفاکش ہیں اورپاکستان کی دیہی معیشت کی ترقی میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے۔ دیہی خواتین گھر کے چھوٹے بڑے کاموں سے لے کر باہر کے کاموں میں بھی اپنے مردوں کا ہاتھ بٹاتی ہیں اور مردوں کے شانہ بشانہ کھیتوں میں کام بھی کرتی ہیں۔دیہی خواتین مویشی پالنے جیسے محنت طلب کام میں بھی مردوں کا بھرپور ساتھ دیتی ہیں۔ زرعی شعبے میں دیہی خواتین کاکردار نظراندازنہیں کیاجاسکتا۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام نے خواتین کے حقوق کی ادائیگی پر خصوصی طور پر زور دیا ہے۔دین برحق نے عورتوں کو جن حقوق سے نوازا ہے، دنیا کے کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں 60 سے 70 فیصد تک افرادی قوت خواتین فراہم کرتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دیہی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے اربوں روپے کے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیں جس کا براہ راست فائدہ دیہی خواتین کو بھی پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے تاریخی کسان پیکج کا اعلان کیا ہے۔ دیہی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ 150 ارب روپے کے اس پروگرام سے دیہی خواتین کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو سمارٹ فون کے ذریعے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام بنایا گیا ہے۔100 ارب روپے کے اس پروگرام سے دیہات میں بسنے والی خواتین بھی مستفید ہوں گی، اسی طرح اربوں روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کا فراہمی کے پروگرام کا آغاز بھی دیہات سے کیا گیا ہے۔ ہمارے ان تمام اقدامات سے دیہات میں بسنے والی خواتین مستفید ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ دیہی خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کا معیارزندگی بہتر کرنے کے لئے تمام تر وسائل برائے کار لائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -