پی ٹی آئی کا اسلام آباد بند کرنے کا اعلان آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے،عمران گورائیہ

پی ٹی آئی کا اسلام آباد بند کرنے کا اعلان آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے،عمران ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور )جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات عمران علی گورائیہ نے کہاہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے کی خواہش پوری نہ ہونے پر اپنی فرسٹریشن مٹانے کے لئے امن وامان سے کھیلنے سے باز رہیں ۔ عوام ان کے کھیل تماشے دیکھ چکی، اب ان کا کسی قیمت پر کوئی ساتھ نہیں دے گا اور وہ اپنے ساتھ سب کے لئے جگ ہنسائی کا باعث بنیں گے۔ عمران گورائیہ نے کہاکہ عمران خان کے یکطرفہ فیصلے ان کی اپنی پارٹی کے لئے تقسیم او رانتشار کا باعث بن رہے ہیں ۔انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر کے ملک دشمن قوتوں کا ساتھ دیا اور بالخصوص بھارت کو یہ پیغام دیا کہ اس اہم قومی مسئلے کے اوپر بھی پاکستان میں تقسیم پائی جاتی ہے۔عمران گورائیہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد بند کرنے کا اعلان غیر جمہوری اور آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔انہیں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئیے اور اسمبلیوں میں جا کر اپنا جمہوری کردار ادا کرنا چاہیے۔عمران علی گورائیہ نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت نے گزشتہ ساڑھے 3برسوں میں قومی مسائل کے حل کے لئے دیانتداری سے کوشش کی ہے۔

اور انشاء اللہ 2018تک لوڈ شیڈنگ سمیت درپیش مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔تحریک انصاف کو آئندہ انتخابات میں بخوبی علم ہوجائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔ عمران گورائیہ نے کہاکہ احتجاج ، دھرنے اور بائیکاٹ کی بجائے سیاسی جماعتوں کو عوام کی طرف سے دئیے گئے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے اور جمہوری تقاضوں کے مطابق کردار ادا کرنا چاہیے۔